• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: جہیز کی لالچ کے سبب ایک اور بہو کی پُراسرار موت کا انکشاف

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی شہر گریٹر نوئیڈا میں 25 سالہ دیپیکا نگر شادی کے 17 ماہ بعد اپنے سسرال کی چھت سے گرنے کے بعد ہلاک ہو گئی جبکہ اس کے اہلِ خانہ نے اس حادثے کو بیٹی کا قتل قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا نگر کے والد سنجے نگر نے الزام لگایا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی سسرال والے اضافی جہیز کا مطالبہ کر رہے تھے، شادی میں تقریباً 1 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جن میں 11 لاکھ نقدی، 50 لاکھ کے زیورات، فرنیچر اور اسکارپیو گاڑی شامل تھی۔

اس کے باوجود سسرال والے فورچیونر گاڑی اور مزید 51 لاکھ روپے مانگ رہے تھے۔

دیپیکا کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کو شادی کے چند ماہ بعد ہی ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جانے لگا تھا، واقعے سے چند گھنٹے پہلے بھی دیپیکا نے روتے ہوئے اپنے گھر والوں کو فون کیا اور بتایا کہ شوہر اور سسرال والے اسے مار پیٹ رہے ہیں۔

اہلِ خانہ شام کو سسرال پہنچے اور معاملہ سلجھانے کی کوشش کی تاہم رات تقریباً ساڑھے 12 بجے اطلاع ملی کہ دیپیکا چھت سے گر گئی ہے، والد نے دعویٰ کیا ہے کہ بیٹی کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے اور اسے قتل کر کے چھت سے نیچے پھینکا گیا ہے۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر رتک تنور اور سسر منوج کو گرفتار کر لیا ہے، لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے جبکہ رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید