اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ آئی این پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مجوزہ نیب ریفرنس میں واجد ضیاء نے نیب راولپنڈی کو بطور سرکاری گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ انہوں نے جے آئی ٹی کی دستاویزات کی من و عن تصدیق کردی ہے‘ نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت میاں نوازشریف اور ان کے بچوں اور اسحق ڈار کے خلاف چار ریفرنسز کی تیاری کے لئے جے آئی ٹی کے ارکان کو طلب کیا تھا۔
جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے نمائندگی کی اور وہ نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) کے سامنے پیش ہوئے جس کی سربراہی نیب ڈائریکٹر رضوان احمد کر رہے ہیں۔ واجد ضیاء نے جے آئی ٹی رپورٹ کارروائی اور شامل دستاویزات کی توثیق کردی۔ واجد ضیاء نے نیب سی آئی ٹی کے سامنے ایک گھنٹہ بیان قلمبند کرایا‘ واجد ضیاء آج لاہور سی آئی ٹی میں پیش ہوں گے۔