پیرس (رضا چوہدری) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے ملک میں آئندہ چھ ماہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، شریف حکومت نے اقتصادی طور ملک کو بہت سی مشکلات سے دوچار کردیا ہے، تمام اداروں میں اہلیت اور میرٹ کی بجائے نااہل لوگوں کو لگایا جس کے باعث بہت سے ادارے تباہ وبرباد ہو چکے ہیں،وہ پاکستان تحریک انصاف فرانس کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کررہے تھے، شیخ رشید احمد نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس کھلنے دیں، شریف خاندان لندن کی سڑکوں پر نظر آئے گا، ان کو سانحہ ماڈل ٹائون کے بے گناہ لوگوں کے قتل کی سزا مل رہی ہے، ملک کی 70 سالہ تاریخ میں عدلیہ نے وہ تاریخی فیصلہ دیا جو ملک کی آزادی کی طرح یاد رکھا جائے گا، ہماری عدلیہ کے ججز اور جے آئی ٹی کے ارکان قابل تحسین ہیں جنہوں نے کرپشن کے خاتمہ کےلئے تاریخ رقم کردی ہے اس کے ساتھ ساتھ ہماری مسلح افواج نے بھی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جو کچھ کیا ہے، قابل تعریف ہے، عراق، لیبیا اور شام اس وجہ سے تباہ ہوئے کہ ان کی فوج متحد اور منظم نہیں تھی جس کا ان کے دشمنوں نے فائدہ اٹھایا، ہماری مسلح افواج دنیا کہ عظیم فوج ہے، بھارت سمیت سب جانتے ہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنا خطرناک ثابت ہوگا یہی وجہ ہے کہ بھارت کا مکار وزیر اعظم امریکہ کی گود میں جا بیٹھا ہے، اگر شریف حکومت کلبھوشن کے معاملہ پر خاموشی اختیار نہ کرتے تو ہم اس صورتحال سے دوچار نہ ہوتے، بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کے مقدمہ پر شیخ رشید نے کہا کہ ان کے خاوند آصف علی زرداری سمیت خاندان کے کسی فرد نے ایک دن بھی مقدمہ کی پیروی نہیں کی اورعدالت میں نہیں گئے، انہوں کہا کہ نواز شریف خاندانی اقتدار کے لئے کوئی کھیل، کھیل سکتا ہے لہٰذا وہ نظام کے لئے خطرہ ہیں، ان کو جمہوریت سے کوئی سروکار نہیں، تقریب میں سینئر رہنما زاہد ہاشمی ، یاسر خان ، چوہدری گلزار لنگڑیال، عمر رحمان، یاسر قدیر جب کہ عوامی تحریک کے طاہر عباس گورایہ، ق لیگ کے منیر وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں جیو سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز عدلیہ اور اداروں کو للکارتی پھر رہی ہیں ، 4سے 6 مہینے میں نواز شریف کی سیاست ختم ہوجائے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف لندن میں گھومتے تو نظرآئیں گے لیکن پاکستان میں سیاست کرتے نظرنہیں آئیں گے۔لاہور کےحلقہ این اے 120 کے باسیوں کو شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر وہ چوروں اور ڈاکوؤں کاساتھ دیں گے تو بدمعاشوں کو بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔