کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ دنیا کے معرف کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون رواں سال نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی ، جن سے بات چیت آخری مراحل میں ہیں۔
وہ منگل کو ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کراچی میں ہونے والے نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کے موقع پر بھی غیر ملکی گول کیپرز کو مدعو کیا جائے گا، ایونٹ کے لئے پاکستان آرمی کا بھر پور تعاون حاصل ہے ، ورلڈ الیون کے موقع پر بھی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لئے ملک کے اہم سیکورٹی اداروں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، بھارت کے ساتھ ہاکی کی بحالی میں بھارتی ہاکی حکام کو بھی تعاون کرنا ہوگا، ہم نےاس کے ساتھ مسقط میں سیریز کھیلنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ اے اور پی ایچ ایف میں کوئی رنجش نہیں ہے، ہم اس کو ساتھ لے چلیں گے۔ شہباز احمد نے امید ظاہر کی کہ ہاکی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کو ویزہ کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ورلڈ کپ ٹاپ چھ پوزیشن میں آنا ہمارا پہلا ہدف ہوگا، انہوں نے کہا کہپی ایچ ایف نے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کو فری ہینڈ دیا ہوا ہے ، ہم ان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ہیں۔