اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ورلڈ بینک کے ذیلی ادارہ ʼʼانٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس( آئی سی ایس آئی ڈی ) نے ترکی کی کارکے پاور پلانٹ کمپنی کاحکومت پاکستان کے خلاف دعویٰ منظور کرتے ہوئے، پاکستان پر 1ارب 60 کروڑ ڈالرز جرمانہ عائد کردیاہے ،آئی سی ایس آئی ڈی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیصلہ 22 اگست 2017کو جاری کیا گیا ہے ، یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کے دور میں ترکی کی حکومت کے ساتھ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے وزارت پانی وبجلی کے ذیلی ادارہ ،پاکستان الیکٹرک کمپنی (پیپکو) اور ترکش کمپنی کارکے کے درمیان ایک معاہدہ کیا گیا تھا ،جس میں حکومت پاکستان ضامن تھی ،معاہدے کی مالیت 56 کروڑ 46 لاکھ ڈالرز تھی،معاہدہ کے تحت کراچی میں کرائے کا بجلی گھر لگایا گیا تھا اور اس سے 2009 سے پیپکو کو 231 میگا واٹ بجلی فراہم کرنا تھی،لیکن کارکے طے شدہ بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہی اور صرف 30 سے 40 میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی تھی ،جو پاکستان کو 40 سے 50 روپے فی یونٹ پڑتی تھی۔