• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ڈی سی او راولپنڈی ثاقب ظفر اور سابق اے سی مری عمر جہانگیر کے پیش ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ واپس

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی روکتے ہوئے سابق ڈی سی او راولپنڈی ثاقب ظفر اور سابق اے سی مری عمر جہانگیر کے پیش ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ واپس لے لئے ہیں۔وسیم صدیق نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرکھی تھی۔جس میں سابق ڈی سی او راولپنڈی ثاقب ظفر اور سابق اے سی مری عمر جہانگیر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے وارنٹ جاری کردیئے تھے۔پیر کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب راشد حفیظ،سابق ڈی سی او راولپنڈی(موجودہ کمشنر بہاولپور) ثاقب ظفر اور سابق اے سی مری(موجودہ ڈپٹی کمشنر چکوال) عمر جہانگیر پیش ہوئے اور عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ علم نہ ہونے پر پیش نہیں ہوسکے تھے۔راشد حفیظ نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ جس سنگل جج کے فیصلےپر عملدرآمد کے حوالے سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی وہ ڈویژن بنچ معطل کرچکا ہے۔اس لئے اس انٹرا کورٹ اپیل کے فیصلے تک توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی روکی جائے۔جس پر عدالت عالیہ نےکارروائی روکتے ہوئے وارنٹ بھی واپس لے لئے۔وسیم صدیق نے مری میں نقشہ پاس کرنے اور تعمیرات کیلئے سنگل بنچ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرکھی تھی۔
تازہ ترین