کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور میں جاری قومی خواتین ہاکی کیمپ میں خاتون کھلاڑی سیدہ سعدیہ نے ٹیم کے ہیڈ کوچ پر الزام لگایا کہ انہوں نے ان کو ہراساں کرنے کی کوشش کی ، انہوں نے اس متعلق وزیر پنجاب کھیل اور ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ کر واقعے سے آگاہ کر دیا۔ جس میں انہوں نے ٹیم کے کوچ پر ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کوچ سعید خان نے مجھے رات کو ملنے کا کہا اور کمرے میں بند کر کے ناصرف میرے ساتھ زور زبردستی کی بلکہ میرا منہ بھی دوپٹے سے باندھنے کی کوشش کی گئی۔ اس حوالے سے پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ ان کے علم میں تمام صورت حال ہے جس کی تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاتون کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے شاید اس لئے بھی انہوں نے الزام عائد کیا ہے۔ کوچ سعید خان کا کہنا ہے کہ 42 سال سے اس فیلڈ میں ہوں، ملک کی نمائندگی بھی کی ہے ، کبھی ایسے واقعے میں ملوث نہیں ہوا، دراصل سیدہ سعدیہ کو منتخب نہیں کیا گیا اس لیے اوچھے الزامات لگا رہی ہیں، کسی کو ہراساں نہیں کیا جو ڈانٹ ڈپٹ کی وہ سب کے سامنے کی، مجھ پر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔دریں اثناڈائریکٹر جنرل کھیل پنجاب محمد عامر جان نے ہاکی کی کھلاڑی سیدہ سعدیہ کی جانب سے خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سعید خان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔