• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرائیڈ آف ڈیموکریسی تارکین وطن کی بہبود کیلئے کام کرے گی، عمرمیمن

برسلز (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی بلجیم کے سینئر رہنمائوں ملک اجمل، رانا مصرف اور راجہ طاہر نے برطانیہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور رفاعی تنظیم پرائیڈ آف ڈیموکریسی کے اعلیٰ عہدیداران چیئرمین عمرمیمن اور صدر خان ریاض کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر پرائیڈ آف ڈیموکریسی کے چیئرمین عمرمیمن نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر ترین ممبران کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک غیرسیاسی فورم پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کی بہبود کیلئے ترتیب دیا ہے، جمہوریت کے فروغ کیلئے پرائیڈ آف ڈیموکریسی کے پلیٹ فارم سے آواز اٹھائی جائے چنانچہ انہوں نے یورپ کے کوآرڈینیٹر کیلئے ملک اجمل کا انتخاب کیا اور انہیں تنظیم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پرائیڈ آف ڈیموکریسی یورپ کے کوآرڈینیٹر ملک اجمل نے ’’جنگ‘‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قائد بے نظیر بھٹو کو شہید ہوئے دس برس گزر گئے لیکن بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بی بی کے قاتل آج بھی پاکستان میں دندناتے پھر رہے ہیں، انکے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ہم پرائیڈ آف ڈیموکریسی کےپلیٹ فارم کے ذریعے یورپی پارلیمنٹ میں دسمبر کے مہینے میں جمہوریت کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کرنا چاہتے ہیں جس میں ہم ملالہ یوسف زئی، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور دیگر اہم شخصیات جنہوں نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دیں انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور بے نظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ملک اجمل نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند لوگ اور ہم جمہوریت کے فروغ کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔ سینئر رہنما پی پی پی بلجیم رانا مصرف نے پرائیڈ آف ڈیموکریسی کے کوآرڈینیٹر برائے یورپ ملک اجمل کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دسمبر میں منعقدہ سیمینار میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شرکت کی دعوت دیں گے۔ راجہ طاہر نے کہا کہ ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اس وقت بے شمار بحرانوں سے نبرد آزما ہے جسے سیاسی سماجی کاروباری مذہبی اور عوام مل کر دور کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین