• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلین کراچی مہم، بحریہ ٹائون کے تعاون سے ضلع وسطی میں تیسرے مرحلے کا آغاز، روزانہ سیکڑوں ٹن کچرا اٹھایا جائے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کے ہر کونے، گلی، سڑک اور بازاروں کو کچرے سے پاک کرنے کے لیے مین پاور کے ساتھ ساتھ مشینری کے استعمال سے بھی انتہائی فوائد حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بحریہ ٹائون کی ہیوی مشینری سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے۔ بحریہ ٹائون کے فوکل پرسن کمانڈر (ر)ذوالفقار نے کہا کہ بحریہ ٹائون کے روح رواں ملک ریاض کی ہدایت پر ضلع وسطی کو صاف و شفاف ضلع بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ بحریہ ٹائون کے تعاون سے ’’کلین کراچی مہم‘‘ کے تیسرے مرحلے میںنارتھ ناظم آباد زون سے روزانہ سیکڑوں ٹن کچرا شہری علاقوں سے ڈمپنگ پوائنٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی ہفتے کو اپنے دفتر میں بحریہ ٹائون کے نمائندوں سے ملاقات کررہے تھے، جس میں صفائی کے اگلے مرحلے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔ ملاقات میں رکن سندھ اسمبلی جمال احمد، چیئرمین سینی ٹیشن کمیٹی ضلع وسطی ارشد علی، مختلف یوسی وائس چیئرمینز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ریحان ہاشمی نے بحریہ ٹائون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ صفائی پروگرام میں بحریہ ٹائون کی جانب سے قریباً100 لوڈرز اور ڈمپرز فراہم کئے گئے ہیں، جبکہ ضلع وسطی کی دستیاب گاڑیوں کے ساتھ ساتھ مین پاور استعمال کرکے ضلع کی ظاہری صورت بہتر ، صاف اور شفاف بنائی جائے گی۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں بار آور ثابت ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ہریالی پیدا کرنے کے لیے شجر کاری دسمبر 2017تک جاری رہے گی۔ شجر کاری کا مقصد ضلع وسطی میں جاری ترقیاتی کاموں سے تباہ ہونے والے درخت اور ہریالی کا متبادل پیدا کرکے ایک مرتبہ پھر ضلع کو سر سبز و شاداب بنانا ہے۔
تازہ ترین