• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ڈویژن میں 7بڑے منصوبوں کی منظوری‘ 735ملین لاگت آئیگی

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے راولپنڈی ڈویژن میں مزید7بڑے منصوبوں کی منظوری دیدی ہے جن پر لاگت کا تخمینہ735ملین روپے کے لگ بھگ ہوگا۔ ڈی ڈی ڈبلیو پی 50ملین روپے سے لیکر 200ملین روپے تک کی لاگت والے منصوبوں کی منظوری دینے کی مجاز ہوتی ہے۔ منگل کو اجلاس قائم مقام کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل کی زیرصدارت ہوا جس میں مختلف اضلاع کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے شعبہ میں ضلع جہلم میں کھیوڑہ واٹر سپلائی سکیم میں توسیعی منصوبہ کی منطوری دی گئی جس پر لاگت کا تخمینہ 159اعشاریہ 782ملین روپے ہے۔ پرائمری ہیلتھ کیئر کے شعبہ میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال چوا سیدن شاہ کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر 198اعشاریہ97ملین روپے لاگت آئیگی۔ اسی طرح ضلع اٹک میں گنڈا خاص تا کمبڑیال سڑک کے مختلف حصوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی جن پر لاگت کا تخمینہ 99اعشاریہ 794ملین روپے ہوگا جبکہ ماری لنک روڈ کی بحالی و توسیع کی بھی منظوری دی گئی جس پر 64اعشاریہ 906ملین روپے ہے۔ دینہ اور پنڈ دادن خان میں تحصیل کمپلیکس تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ دینہ کمپلیکس پر لاگت 75اعشاریہ380ملین روپے جبکہ پنڈ دادن خان کمپلیکس پر 76اعشاریہ 399ملین روپے خرچ ہونگے۔ راولپنڈی یونین کونسل91 میں گرجا واٹر سکیم کیلئے 60ملین روپے منظور کئے گئے ہیں۔ دریں اثناء جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں کے دونوں اطراف میں کیٹ آئیز اور ویلیج بورڈز نصب کئے جائیں تاکہ شہریوں کو دوران ڈرائیونگ رہنمائی مہیا ہو سکے اور حادثات سے بھی بچا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوسکے۔
تازہ ترین