• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں یونیورسٹی کیلئے سروے رپورٹ جلد پیش کرنیکی ہدایت

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ مری میں یونیورسٹی کے قیام کی منظوری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے طلباء و طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات دستیاب ہونگی اور انہیں دور دراز کے علاقوں کا رُخ بھی نہیں کرنا پڑیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا‘ جس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ثمینہ امین قادر، اے سی مری عارف اللہ اعوان، ڈائریکٹر کالجز ملک اصغر، اے سی جی عتیق الرحمان، ہائر ایجوکیشن و فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں سمیت سرکاری افسران نے شرکت کی۔ طلعت محمود گوندل نے ہدایت کی کہ مری میں یونیورسٹی کیلئے سروے رپورٹ جلداز جلد پیش کی جائے اور اس چیز کا خیال رکھا جائے کہ نشاندہی کی گئی زمین کسی بھی قسم کے تنازع سے پاک ہو تاکہ اس پر کام جلداز جلد شروع کروایا جا سکے۔ اس موقع پر اے سی مری عارف اللہ اعوان نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کیمپس کیلئے مختلف سائٹس کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ہائر ایجوکیشن حکام سے مل کر طلبہ کی تعلیمی ضروریات‘ داخلہ رجحان اور ضروریات معلوم کر کے سودمند اور قابل عمل پروپوزل تیار کرینگے جس پر جلداز جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔
تازہ ترین