لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ فاٹا میں 70سالہ غلامی ختم کرکے این ایف سی ایوارڈ میں 3فیصد حصہ دیا جائے ۔فاٹا کے نو جوان سمجھ چکے ہیں کہ یہ بندوق نہیں قلم کا مسئلہ ہے،وہاں کے ایک کروڑ عوام کو ایف سی آر کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر فوری عمل کر کے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔فاٹا میں پولیٹیکل ایجنٹوں کو بے پناہ اختیارات دے کر بے تاج بادشاہ بنادیا گیاہے ۔ دو سو کے قریب پولیٹیکل ایجنٹوں نے ایک کروڑ انسانوں کو غلام بنا رکھاہے ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کو جلد از جلد یقینی بنائیں ۔ اسلام آباد میں فاٹایوتھ جرگہ کے وفد سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے 70سالہ غلامی ختم کی جائے اور این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو 3فیصد حصہ دیا جائے ۔