• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادتی کی آڑ میں نفرت پھیلانا اور اختلافات بڑھانا درست نہیں،شازیہ مری

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کی رہنماشازیہ مری نے کہا ہے کہ فاروق ستار کی الگ صوبے کی بات قابل مذمت ہے،ملک میں جتنے صوبے ہیں اسی میں بھائی چارہ بڑھائیں اور پیار و محبت سے رہیں تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ہوسکے،بانی متحدہ اپنی سیاست کا حال دیکھ چکے ہیں اگر کوئی اور صوبے کا نعرہ لگا کر سیاست کرے گا تو وہ بھی ناکام ہوگا،وہ حیدرآباد میں کم عمری کی شادی کی روک تھام کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہی تھیں۔ شازیہ مری نےمزید کہاکہ تمام جماعتوں کو اختلافات ایک طرف رکھ کر ملک و قوم کے استحکام کی جانب بڑھنا چاہئے، استحکام کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ فاروق ستار نے اثاثے ظاہر کرنے کا بہت اہم سوال اٹھایا ہے،نواز شریف پر بھی اثاثے ظاہر نہ کرے کا الزام تھا۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی الگ صوبے کی بات قابل مذمت ہے،بانی متحدہ اپنی سیاست کا حال دیکھ چکے،اگر کوئی اور صوبے کا نعرہ لگا کر سیاست کرے گا تو وہ بھی ناکام ہوگا،زیادتی کی آڑ میں نفرت پھیلانا اور اختلافات بڑھانا درست نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی چھوٹے صوبوں کو اہمیت نہیں دی،ایل این جی کے معاملے میں صوبوں کو نظر انداز کیا گیا،پارلیمنٹ میں بھی کوئی بحث نہیں کرائی گئی، 18 ویں ترمیم نواز شریف کی آنکھ میں چبھ رہی ہے،ملک میں سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاک شوز کی رونقیں بڑھانے کے لئے روز ایک دو پریس کانفرنس ہوتی ہیں، پریس کانفرنس کرنے والوں کو ملک کے مسائل کا بھی ادراک ہونا چاہئے۔
تازہ ترین