راولپنڈی(نمائندہ جنگ) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017ء میں کراچی کی ٹیم فتح کا مزہ چکھ لیا۔ ادھر لاہوروائٹس نے فاٹا کو 41 رنزسے شکست دیدی، لاہور وائٹس کے کامران اکمل جارحانہ اننگز کھیلنے پر مردمیدان قرارپائے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے ساتویں روز پہلے میچ میں فاٹا ریجن کے کپتان حماداعظم نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی، مگر یہ فیصلہ زیادہ اچھاثابت نہ ہوا اورلاہور وائٹس نے مقررہ 20اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا،کپتان سلیمان بٹ نے 50 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی شاندار ناٹ آئوٹ اننگزکھیلی، کامران اکمل 29 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 اور عامریامین 26 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز اسکور کیے۔ فاٹا کی جانب سے سہیل اختر نے 2 جبکہ حماداعظم اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں فاٹا کی ٹیم 18.3 اوورز میں 172 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ حماد اعظم 50 اور مختاراحمد 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، لاہور وائٹس کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 جبکہ بلال آصف اور عمید آصف نے 2، 2کھلاڑی آئوٹ کئے۔ دوسرے میچ میں کراچی نے راولپنڈی کی ٹیم کو 14 رنز سے ہرادیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 178 رنز بنائے اسد شفیق 72، سرفراز احمد 30 رنز نا ٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ پنڈی کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے 2 وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں راولپنڈی کی ٹیم 20 اوورز میں 164 رنز 9 وکٹ پر بناسکی۔ عمر امین 28، افتخار احمد 25 اور سہیل تنویر 24رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ انور علی نے 4 جبکہ رومان رئیس اور اعظم حسین نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ اسد شفیق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔