وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے چھٹی کی در خواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نےوزیر اعظم سے یہ در خواست بیماری کے باعث کی,خط میں انہوں نے چھٹی کے دوران وزیر اعظم سے انہیں سبکدوش کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں موجود ہیں اور وہاں کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں،سیاسی مخالفین کی جانب سے اسحاق ڈار سے بطور وزیر خزانہ استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاہم انہوں نے مستعفی ہونے سے انکار کیا اور صحت یابی کے بعد پاکستان آنے کا بھی اعلان کیا تاہم اب ان کی جانب سے چھٹی اور سبکدوش ہونے کی در خواست سامنے آئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی جانب سے مستعفی ہونے کی خبریں بھی سامنے آچکی ہیں تاہم ذمہ داران کی جانب سے ان کے استعفے کی تردید کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس معاملے پر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔
تاہم وہ علاج کی غرض سے لندن کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔