• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اثاثہ جات ریفرنس میں عدم پیشی پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو 11 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ پیر کو اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی نے اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عدالت چاہے تو برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانہ اسحاق ڈار کا معائنہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ یہ میڈیکل رپورٹ واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہوئی ہے اور اسکی کاپی درخواست کے ساتھ منسلک کردی گئی ہے۔ عدالت میں پیش کردہ میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اگلے ہفتے ایم آر آئی کرائیں گے جسکے بعد آئندہ ہفتے تک معلوم ہو جائیگا کہ انکے موکل کو کیا بیماری ہے۔ وکیل صفائی قوسین فیصل مفتی نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے اور اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روکنے کی استدعا کی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت کو اسحاق ڈار کے دل میں تکلیف کا بتایا گیا تھا، آج پتہ چلا کہ انکے مرض کی تشخیص تاحال نہیں ہوئی۔
تازہ ترین