• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس دینےکے اہل ایک کروڑنان فائلرزکی ٹرانزکشن کا سراغ لگایا جائے،شاہد خاقان

اسلام آباد(حنیف خالد،مہتاب حیدر، تنویر ہاشمی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈکے حامل 8کروڑ لوگوں کو نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) نمبر پر منتقل کرکےٹیکس بیس کو بڑھایا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسےایک کروڑ نان فائلرز کی ٹرانزکشن کا سراغ لگایا جائے جو ٹیکس دینے کے لیے اہل ہیں تاکہ انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بدھ کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں چیف کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہد خاقان عباسی حالیہ ملکی تاریخ میں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے والے اور ایف بی آر کے چیف کمشنروں، چیف کلکٹروں کی مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔ انہیں کانفرنس میں شرکت خصوصی دعوت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے دی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس اصلاحات کے ذریعے ٹیکس نظام میں بہتری لائے۔انہوں نےرواں برس کے پہلے پانچ ماہ میں ٹیکس محصولات میں 20فیصد کی گروتھ کے ساتھ شاندار کارکردگی پر ایف بی آر حکام کی تعریف کی۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کے دورہ کا ایک مقصد ایف بی آر کے افسران میں پائی جانیوالی اس بے چینی کا خاتمہ بھی تھا جو وزیراعظم آفس کی جانب سے ایف بی آر کو لکھے گئے خط کی وجہ سے پیدا ہوئی جس میں ایف بی آر افسران کی تعیناتیوں پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔چیف کمشنر کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں 8کروڑ پاکستانیوں کے پاس کمپیوٹرائز شناختی کارڈ ہیں اور 25سال سے کم اور80 سال سے زائد عمر کے افراد اور دیہات میں رہائش پذیر وہ لوگ جن کا ذریعہ آمدن زراعت ہے یا کوئی دوسرا ذریعہ ہے ان کو نکال کر ایسامیکنزم مرتب کیا جائے جس کے ذریعے 80لاکھ سے ایک کروڑ نان فائلر کو ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے لیکن سب سے پہلے ایف بی آر ٹیکس کے نظام کو شفاف بنائے،ایک ایسانظام جو کاروبار کے جائز منافع کے ذریعے اس کی ترقی میں رکاوٹ نہ بنے۔ وزیراعظم نے نومبر میں ٹیکس محصولات میں 25فیصد گروتھ کو سراہا اور کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو خوف و ہراس میں مبتلا کیے بغیر ٹیکس جمع کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس جمع کرنے کا عمل مساوی اور شفاف بنیادوں پر مرتب کیے گئے طریقہ کار پر وضع کیا جائے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکس فائیلروں کی تعداد میں اضافہ کرکے ٹیکس ریٹ کم کریں گے ٹیکس دھندگان پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے مگر اس کیلئے ٹیکس گزاروں کی تعداد میں ایف بی آر کو سخت محنت کرکے اضافہ کرنا ہوگا۔ ملک میں ٹیکس دوست پالیسی ہوگی ٹیکس اصلاحات موثر کریں گے مستقبل میں ٹیکس فائیلر ایف بی آر بڑھائے ہم ٹیکس کی شرح کم کریں گے۔
تازہ ترین