اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوران گفتگو اگلا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے دونوں طرف کی سینئر قیادت کی جلد ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔ادھر ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ انشاءاللہ 9 دسمبر بروز ہفتہ ہم فاٹا کے لئے ایک کنونشن منعقد کر رہے ہیں جس میں فاٹا کے انضمام کے بعد کا ایک مکمل پروگرام بتایا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ فاٹا کو اور پاکستان کو اس انضمام کا کیا فائدہ ہوگا اس پر بات کی جائے گی۔ جو لوگ اس انضمام کے خلاف اور اس میں رکاوٹ ہیں وہ قبائلی علاقہ جات کے ساتھ ظلم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ کنونشن میں اپنا دس نکاتی چارٹر قوم کے سامنے پیش کروں گا۔