امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی نژاد امریکی شہری الطاف حسین ملک کی لاش پولیس نے بر آمد کرلی ہے، وہ گزشتہ منگل سے لاپتہ تھے۔
ہیوسٹن کے رہائشی پاکستانی نژاد الطاف حسین ملک گزشتہ منگل کی رات اچانک لاپتہ ہو گیا تھا اس کی لاش مقامی پولیس نے ہیوسٹن کے تھرڈ وارڈ میں کچرے کے ڈبے سےبرآمد کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جو شناختی علامات بتائی گئی ہیں اس کے مطابق ملنے والی لاش الطاف حسین ملک کی ہی ہے۔اس ضمن میں پولیس نے ان کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق منگل کی رات مقتول کو ایک ٹیکسٹ موصول ہوا تھا اہل خانہ کے مطابق وہ شخص ان کی کار خرید کرنا چاہتا تھا جنہوں نے الطاف حسین ملک کو ہیوسٹن میں واقع بیلر بلووارڈ اور ہائے وے کے انٹرسیکشن پر ملنے کا کہا تھا۔
مقتول کی اہلیہ قراۃ العین کا کہنا ہے کہ منگل رات ساڑھے آٹھ بجے کے بعد وہ مسلسل ان سے رابطے کی کوشش کرتی رہیں تاہم ان سے کوئی رابطہ نہ ہو سکا جس کے بعد ان کو اندازہ ہو گیا تھا کہ کچھ نہ کچھ گڑ بڑ ضرور ہے کیونکہ وہ ہمیشہ تاخیر ہوجانے کی صورت میںان کو آگاہ ضرور کرتے تھے۔
مقتول الطاف حسین ملک چار بچوں کا باپ تھا جس میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔پولیس کے مطابق اس کی کار آوڈی A8ٹیکساس پلیٹ نمبرHZX9910ابھی تک برآمد نہیں ہوسکی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی کمیونٹی نے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الطاف حسین ملک کی لاش اس وقت پولیس کی تحویل میںہے جو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائے گی۔