پنجاب کے شہر قصور میں بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف کراچی کی مصروف ترین سڑک شارع فیصل پر شہریوں نے احتجاج کیا جس کی وجہ سے شارع فیصل کئی کلومیٹر کے علاقے میں ٹریفک شدید جام ہوگیا۔
شارع فیصل کراچی کی مرکزی شاہراہ ہے، شہر میں کام ختم کرکے گھروں کو جانے والے افراد کی بڑی تعداد شام کے اوقات میں جس کے اپ ٹریک پر سفر کرتی ہے اور اس سڑک پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہوتا ہے، ایسے وقت میں شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب مظاہرین نے قصور کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔
ٹریفک پولیس کنٹرول کے افسر انسپکٹر الیاس نے بتایا کہ مظاہرے کے باعث شارع فیصل پر کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگی گئیں ،شہریوں کی بڑی تعداد کئی گھنٹے تک سڑک پر پھنسےرہے۔
شدید ٹریفک جام کے باعث بلوچ کالونی اور اطراف کے علاقے میں ٹریفک جام رہا، شہر سے ایئرپورٹ کی طرف جانے والے ٹریک پر مظاہرین نے قبضہ کیے رکھا۔
ٹریفک جام کے سبب صدر تک کے علاقے متاثر ہوئے ،شاہراہ قائدین اور کورنگی روڈ پر بھی ٹریفک کا شدید دباؤ بڑھ گیا،اس دوران ایئرپورٹ سے شہر کی طرف آنے والا ٹریک کھلارہا۔
شارع فیصل پر کئی گھنٹے بعد احتجاج ختم اور عوامی مرکز کے قریب ٹریفک بحال کرا دیا گیا، تاہم ٹریفک حکام نے صدر تک ٹریفک کا شدید دباؤ ہونے کے باعث بہتری میں مزید ایک گھنٹہ لگنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔