• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر راولپنڈی کاتجاوزات کیخلاف آپریشن کی سست روی کا نوٹس

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن ندیم اسلم چوہدری نےتجاوزات کے خلاف آپریشن کی سست روی کا نوٹس لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو کسی صورت تعطل کا شکار نہ بنایا جائے۔کمشنر نے نالہ لئی کے کناروں پر تجاوزات اور ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور واسا کو کہا کہ نالہ لئی کی طرف جانے والے تمام انٹری پوائنٹس پر بیرئیرز لگائے جائیں تاکہ کوئی ٹرالی ملبہ لے کر نالہ لئی تک نہ پہنچ سکے۔یہ ہدایات جمعہ کو اعلی سطح کے اجلاس میں جاری کی گئیں۔جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل،سی ٹی او شاہد یوسف،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے چیف آفیسر خالد جاوید گورائیہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔کمشنر راولپنڈی نے راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ نالہ لئی کی مانیٹرنگ کو سخت کیاجائے۔ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف آر ڈبلیو ایم سی اور آر ایم سی ایکشن لیں۔سی ٹی او راولپنڈی کو ہدایت کی گئی کہ وہ وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کریں اور ٹریفک کی روانی کو بہتر کریں۔غلط پارکنگ والی گاڑیاں اٹھانے والے لفٹرکی تعداد بھی بڑھائی جائے۔چیف آفیسر آر ایم سی کو ہدایت کی گئی کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا دائرکار مزید بڑھایا جائے۔اور ایک دفعہ جس کو جرمانہ لے کر چھوڑا جائے دوسری مرتبہ خلاف ورزی پر اس کا کاروبار سیل یا اس کے خلاف ایف آئی آر دی جائے۔لیکن آپریشن کی رفتار میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔نالہ لئی کے حوالے سے چیف آفیسر خالد جاوید گورائیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے20دنوں میں34ایف آئی آرز کرائی ہیں۔چودہ سے زیادہ ٹرک سامان اور123موٹر سائیکل ضبط کئے گئے جبکہ دو لاکھ روپے سے زیادہ کا جرمانہ کیا جاچکا ہے۔آر یم سی کو عملہ کی کمی کا سامنا ہے جو عملہ ہے وہ بھی عمررسیدہ ہوچکا ہے اور ریٹائرمنٹ کے قریب ہے۔ آر ایم سی کے شعبہ انفورسمنٹ میں اس وقت افرادی قوت کل30افراد پر مشتمل ہے۔جس کے باعث آر ڈبلیو ایم سی کے سینٹری انسپکٹرز کو نالہ لئی کی مانیٹرنگ کا اختیار دیا گیا ہے۔جن کے پاس ایف آئی آر دینے کا بھی اختیار ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ آر ڈبلیو ایم سی اور آر ایم سی دونوں مل کر ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔
تازہ ترین