اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی جانب سے پی آئی اے کے سابق سربراہ بیرنڈ ہلڈن برینڈ کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا الزام مسترد کردیا گیا۔ ترجمان کی طرف سے بیان میں واضح کیاگیا کہ وزیراعظم ہائوس کی مداخلت پر ہلڈن برینڈ کو پاکستان سے جانے کی اجازت دی گئی جبکہ وزیر داخلہ کی حیثیت سے چوہدری نثار مبینہ کرپشن الزامات کی وجہ سے ہلڈن برینڈ کوجوابدہ سمجھتے تھے اسی لئے ان کے پاکستان چھوڑ نے پر پابندی عائد کی گئی تھی، ترجمان نے کہاکہ بظاہر جرمن سفیر نے دفترخارجہ سے رابطہ کرکے ضمانت دی تھی کہ ہلڈن برینڈ ایک ماہ میں پاکستان واپس آجائیں گے، دفتر خارجہ کی سفارش پر ہی اس وقت کے وزیراعظم کے سیکرٹری ذاتی طور پر وزیر داخلہ سےملے اور انہیں وزیر اعظم کے احکامات سے آگاہ کیاکہ وزیر اعظم نے ہلڈن برینڈ کوایک ماہ کےلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ نے یہ پابندی ختم کردی تھی۔