• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی سلیکشن کمیٹی میں اختلافات نہیں،سیکریٹری شہباز احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں اختلافات کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ وائٹ ٹیم سے سائوتھ ایشین گیمز میں اچھی توقعات ہیں۔ امید ہے کہ ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔منگل کو ہاکی کلب میں میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر رشید جونیئر دھند کی وجہ سے اسلام آباد تاخیر سے پہنچے۔ سلیکٹر سعید خان ملک سے باہر ہیں ان سے فون پر مشاورت کی جائے گی۔ قومی سطح پر ہاکی مقابلوں کے معیار میں اضافہ چاہتے ہیں جس سے نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے میں مدد ملے گی۔ جونیئر ہاکی کیمپ میں بھی سو سے زائد کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا۔ اس سوال کے جواب میں کہ پچھلے سائوتھ ایشن گیمز کی قومی ٹیم کے کپتان سبطین رضا کو کیمپ میں مدعوتک نہیں کیا گیا۔ اگر کوئی کھلاڑی اس کیمپ میں نہیں آسکا اسے قومی سینئر ہاکی ٹیم کے کیمپ میں موقع دیا جائے گا۔کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔سائوتھ ایشین گیمز کے لئے قومی کیمپ کے دوران کوچ محمد ثقلین اور ریحان بٹ نے کھلاڑیوں پر بہت زیادہ محنت کی ہے۔ امید ہے ٹیم ان کھیلوں میں اچھے نتائج دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سے دو ماہ میں ملک میں عالمی ہاکی کی بحالی کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ آ سٹریلین ہاکی کے صدر اپریل میں پاکستان آئیں گے۔ اس کے علاوہ کئی دوسرے ملکوں کے ساتھ بھی ہاکی سیریز کے بارے میں بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی ہاکی کا تجربہ مل سکے۔ شہباز احمد نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نومبر میں آسٹریلیا میں چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔
تازہ ترین