• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام 2018کاالیکشن کرپٹ عناصر کیلئے یوم احتساب بنادینگے، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپوٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم آج کراچی یوتھ الیکشن کا اعلان کررہے ہیں، نوجوانوں کے ایک نئی قوت اور طاقت اور بھرپور توانائی کے ساتھ آگے آئیں گے اورنوجوان کراچی کے عوام کے مسائل حل کرائیں گے۔ عوام 2018کا الیکشن کرپٹ عناصر کے لیے یوم احتساب بنادیں گے ۔جماعت اسلامی کی جنگ کسی فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ ظلم اور کرپشن کے نظام سے جنگ ہے ۔زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک اسلام اور پاکستان کی جنگ جاری رکھیں گے۔اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی عوام کے مسائل کا حل ہے،ہم عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلوائیں گے ۔ کراچی کو عزت اور نجات دلوائیں گے ۔ پر امن اور پرسکون کراچی صرف اہل کراچی نہیں پورے ملک کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نشتر پارک میں تاریخی کراچی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ،نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔کنونشن میں کراچی کی تاریخ کے حوالے سے مباحثہ ہوا جس میں ججز کے فرائض خورشید احمد ، سلیم مغل اور محمد اسلام نے انجام دیئے ۔محمد عتیق نے ’’کراچی کا نوجوان آج بھی بیدار ہے ‘‘ پر قرارداد پیش کی جسے شرکاء نے منظور کیا۔علاوہ ازیں کنونشن میں ایک اورقرارداد بھی منظور کی گئی جس میں اسٹیل مل کے ملازمین کی چھ ماہ کی تنخوایں اور واجبات فی الفور ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج نشتر پارک میں یہ عظیم الشان کنونشن اہل کراچی و پورے ملک کے عوام کے لیے امید کی شمع اور پیغام ہے ۔سینیٹ الیکشن کے نتائج سے سندھ کے دولت مند تو خوش ہیں لیکن کراچی کے عوام نے جن کو اپنا نمائندہ بنایا تھا وہ فروخت ہوگئے اور ناکام ہوگئے ہیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کے عوام چوکو ں اور چوراہوں پر ان بکنے والوں کے خلاف عدالتیں لگائیں اور ان سے پوچھیں کہ انہوں نے سینیٹ کے انتخاب میں یہ کیا کیا؟ آج ان نمائندوں نے کراچی کا کیا حشر کیا ہے وڈیرے جیت گئے ، دولت جیت گئی ، کراچی ہار گیا اور سیاست کو شکست ہوگئی ۔ کراچی منی پاکستان اور عالم اسلام کا ایک اہم شہر ہے ۔ کراچی نے ہمیشہ امت کا ساتھ دیا ہے اور اتحاد امت کا اظہار کیا ہے۔ اسلام اور پاکستان کے دشمنوں نے کراچی پر حملہ کیا ، نفرتوں کو عام کیا ، خون کو بہایا ، عوام کو لڑایا ، نوجوانوں سے تعلیم کا حق چھین لیا گیا ، وکلاء اور مزدوروں کو جلادیا گیا۔
تازہ ترین