پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے 22 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے کر حساب چکتا کردیا اور ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن بھی پکی کرلی۔
شعیب ملک الیون 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں19 اعشاریہ 4 اوورز میں125رنز پر ڈھیر ہوگئی، سہیل تنویر کے ناقابل شکست34، احمد شہزاد24، کمارا سنگاکارا 18، سیف بدر13 اور صہیب مقصود 11 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
ملتان سلطانز کی یہ لگاتار تیسری شکست ہے، اس سے قبل 17 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2 وکٹ اور 20 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں جوڈینلی 78، بابر اعظم 58 اور انگرم ناقابل شکست 29رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر ایونٹ کا سب سے بڑا 188 رنز کا مجموعہ سجایا۔
ملتان سلطانز کی طرف سے احمد شہزاد اور کمارا سنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا، پہلی وکٹ پر 41 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور بلند شگاف چھکے سمیت کئی دلکش بائونڈریز بھی لگائیں۔
کراچی کنگز کے محمد عرفان جونیئر نے پہلی وکٹ حاصل کی،انہوں نے 1 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنانے والے سنگارا کو 5 ویں اوور کی تیسری گیند پر پویلین کا راستہ دکھایا۔
ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ 52 کے اسکور پر گر گئی، صہیب مقصود جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش میں 11 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئے، انہوں نے اس دوران ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا،یہ وکٹ عثمان خان کے حصے میں آئی۔
کراچی کنگز کے لئے تیسرا شکار کپتان عماد وسیم نے اوپنر احمد شہزاد کا کیا، 2 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 24 رنز بنائے والے بیٹسمین کو بولر نے وکٹ کیپر کی مدد سے قابو کیا تو ملتان سلطانز کی 3 وکٹیں 53 رنز پر گر گئیں۔
جوڈینلی، بابراور انگرم کی عمدہ بیٹنگ، ملتان کو 189رنز کا ہدف
ملتان سلطانز کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کیرون پولارڈ تھے، 3 رنز بنانے والے بیٹسمین کی وکٹ شاہد آفریدی کے حصے میں آئی ۔
کراچی کنگز کو پانچویں وکٹ سیف بدر کی ملی،1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 13 رنز بنانے والے بیٹسمین کو شاہد آفریدی نے بولڈ کیا۔
تجربہ کار شاہد آفریدی نے ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کو اپنا تیسرا شکار بنایا، جو بغیر کسی بائونڈری کے 6 رنز بناکر پویلین لوٹے تو ٹیم کا اسکور 6وکٹ پر 79رنز تھا۔
مشکلات میں گھری ملتان سلطانز کی 7 وکٹ 86 کے اسکور پر گری، 2 رنز بنانے والے ولجیون رن آئوٹ ہوئے، 98 کے اسکور پر 5 گیندوں پر 2 رنز بنانے والے عمران طاہر کو محمد عامر نے کلین بولڈ کیا۔
نویں وکٹ 99 کے اسکور پر گر گئی، جنید خان 1 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے جبکہ 10 ویں وکٹ پر سہیل تنویر اور محمد عرفان نے 26 رنز جوڑے، آخری اوور کی چوتھی گیند پر محمد عرفان رن آئوٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کے شاہد خان آفریدی نے 4اوورز میں 18رنز کے عوض 3قیمتی وکٹیں اپنے نام کیں، انہیں اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
عماد وسیم الیون کی طرف سے محمد عرفان جونیئر نے 2،محمد عامر ،عماد وسیم اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی کراچی کنگز 9 پوائنٹس اور ملتان سے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر براجمان ہے، سلطانز تیسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔