لاہور(نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی گٹھ جوڑ سب نے دیکھ لیا ان کے پلے کچھ نہیں، اللہ کو منظور ہوا تو زرداری اور نیازی کے گٹھ جوڑ کو دفن کردینگے، دونوں کے پلے کچھ نہیں، ایک نے کراچی کو تباہ و برباد کیا، دوسرے نے خیبر پختونخوا کو اندھیروں میں دھکیل دیا، ہم نے پنجاب میں اربوں روپے کی سڑکیں، اسپتال، کھیلوں کے میدان اور اسکول بنائے، عوام بہترین منصف ہیں، ہماری اور مخالفین کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، عوام نے آئندہ بھی موقع دیا تو تمام ملکی اکائیوں کو ترقی دینگے۔ وہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اتوار کے روز گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انھوں نے گوجرانوالہ کی ترقی وخوشحالی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیادبھی رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے جناح انٹر چینج کے عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کیا، اس منصوبے پرتقریباً 8ارب روپے لاگت آئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے 12کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لدھے والا وڑائچ، 50کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے گوجرانوالہ کے پارکنگ پلازہ، گوجرانوالہ کے ای خدمت مرکز،ای لائبریری کے قیام کے منصوبے اور اسپورٹس جمنازیم کابھی افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ تا گوجرانوالہ دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے گگھڑ اسپورٹس ایرینا کے منصوبے اورمین جی ٹی روڈ تا میڈیکل کالج گوجرانوالہ سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کابھی سنگ بنیاد رکھا۔ شہباز شریف نے جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے 4سال میں ضلع گوجرانوالہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے 40ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ پچھلے 9سال کے دوران گوجرانوالہ کی تعمیر و ترقی پر60ارب روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں۔ شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں میٹروبس سروس کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ انتخا با ت میں کامیابی کے بعد اس منصوبے پر فوری طو رپر کام شروع کر دیا جائیگا۔ وزیراعلی نے یو نیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی، رچناکالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں کیثر المنزلہ سرجیکل ٹاور بنانے، عالم چوک گوجرانوالہ میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے فلائی اوور کی تعمیر اور گوجرانوالہ تا خانقاں ڈوگراں موٹر وے انٹرچینج سڑک کی چوڑائی کو 12فٹ سے بڑھا کر 24فٹ کرنے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو ان تمام منصوبوں پر فوری طو رپر کام شروع کر کے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ شہباز شریف نے کہاکہ گوجرانوالہ میں عوام کا عظیم الشان ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گوجرانوالہ کے عوام مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کے دیوانے ہیں، انہیں کھوٹے اور کھرے کی تمیز کرنا آتی ہے، میں آج گوجرانوالہ میں آپ کو جناح فلائی اوور کی مبارکباد دینے آیا ہوں اس عظیم الشان منصوبے کو تقریباً 8ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیاہے اوریہ منصوبہ پاکستان کا ایک عجوبہ ہے یہ رات کو روشنیوں سے منور اور پھولوں کی مہک سے عوام کے دل بہلائے گا۔ راولپنڈ ی، لاہور او ر دیگر شہروں سے کھابے کھانے کیلئے یہاں آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب جناح فلائی اوور کی تعمیر سے ان کیلئے بہترین راستے کھل گئے ہیں- شہباز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب کی حکومت نے کراچی کوتباہ کر دیاہے جوموہنجوداڑو کا منظر پیش کر رہاہے-دوسری جانب نیازی صاحب کی حکومت نے پشاور شہر کی روشنی ختم کر کے اسے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ زرداری او رنیازی آپس میں مل گئے ہیں اور عوام ان کے گٹھ جوڑ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں کیونکہ دونوں نے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا اوراب ان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ نیازی صاحب کے پی کے میں شکل دکھانے کے قابل نہیں رہے، وہ ہم پر دن رات الزامات کی بارش اسلئے کررہے ہیں کہ ہم نے کم وسیلہ خاندانوں کے لاکھوں بچوں او ربچیوں کو وظائف دے کر تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا ہے۔ ہزاروں پیف اسکالرز ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم نے سرکاری اسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ پنجاب کے تمام ضلعی اسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں آ رہی ہیں۔ موبائل اسپتال دور دراز علاقوں میں عوام کو انکے گھروں کی دہلیز پر معیاری طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ سڑکوں، پلوں، فلائی اوور کا جال بچھایا ہے۔ لاہور میں بہترین آئی ٹی سنٹر قائم کیاہے۔ ہماری اس خدمت کی سیاست سے مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کو منظور ہوا تو زرداری اور نیازی کے گٹھ جوڑ کو دفن کردینگے۔ الیکشن آنے والا ہے اور عوام سے بہتر کوئی منصف نہیں۔ مخالفین کی کارکردگی اور ہماری عوامی خدمت عوام کے سامنے ہیں او رعوام کو آئندہ انتخابات میں اپنا فیصلہ کرنا ہے اگر اللہ تعالی اور عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا ہر شہر ترقی کرے گا اور ملک کی تمام اکائیوں کو پنجاب کی طرح ترقی یافتہ بنائیں گے۔ پاکستان کے ہر شہر کو اورہر گائوں کو لاہو راور پنجاب کی طرح خوبصورت اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ دن رات مجھ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں مگر میں ان کے الزامات اور گری ہوئی گفتگو کا جواب یہ کہہ کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم عوام کی مزید خدمت کرینگے۔