پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے 25ویں میچ میں اسلام آباد نے ملتان سلطانز کو 33 رنز سے شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی اور ایونٹ میں فتح سے آغاز کرنے والی شعیب ملک الیون کو ’اگر ،مگر‘ کے گرداب میں پھنسادیا۔
ایونٹ میں اپنے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پولارڈ کے جارحانہ 73 رنز کے باوجود 152 رنز پر ڈھیر ہوگی۔ اب اس کے ایونٹ میں موجودگی کا انحصار پشاور زلمی کی 2 میچز میں سے ایک میں شکست سے جڑا ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونچی 58،ایلکس ہیلز 46 اور حسین طلعت 36 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹ پر 185 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کیلئے 186 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
لیوک رونچی کو میچ میں عمدہ بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کے دوران 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے تھے۔
ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب کے لئے سنگاکارا اور احمد شہزاد کو کریز پر بھیجا، اسلام آباد کے سمت پٹیل نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر سنگاکارا ایک رنز کو 2 کے اسکور پویلین بھیج دیا۔
اگلے ہی گیند پر سمت پٹیل نے سیف بدر صفر رنز کو میدان چھوڑنے پر مجبور کرکے پہلے ہی اوور میں اسلام آباد کو 2 اہم وکٹیں دلوادیں۔
ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 5 ویں اوور میں 20 کے اسکور پر گری، اوپنر احمد شہزاد 3 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر عماد بٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔
20 ہی کے اسکور پر اسلام آبادکے عماد بٹ نے صہیب مقصود کی اہم وکٹ حاصل کرلی، وہ 2 چوکوں کی مدد سے 13ربنا سکے، یوں صرف 20 کے اسکور پر ٹاپ بیٹنگ آرڈر آئوٹ ہونے کے باعث ملتان کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔
ملتان سلطانز کی 5 ویں وکٹ 50 کے اسکور پر گری، کپتان شعیب ملک 2 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے تھے کہ شاداب خان نے انہیں بولڈ کردیا۔
چھٹی وکٹ پر کیرون پولارڈ اور روز وائٹلے نے 40 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران کئی خوبصورت شارٹس کھیلے،90 کے اسکور پر ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنانے والے وائٹلے کو شاداب خان نے اپنا دوسرا شکار بنایا۔
ملتان سلطانز کی ساتویں وکٹ 118 کے اسکور پر گری،پولارڈ کی تیز شارٹ پر بائولر محمد سمیع ہاتھ بڑھایا اور گیند وکٹ سے جا لگی یوں سہیل تنویر 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔
اسلام آباد کو جس وکٹ کا شدت سے انتظار تھا، وہ اسے 142 کے اسکور پر ملی،کیرون پولارڈ 47 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے شاندار 73 رنز کی اننگز کھیل کر محمد سمیع کے ہاتھوں آئوٹ ہوگئے۔
ملتان سلطانز کی نویں وکٹ 148 کے اسکور پر گرگئی ، ایک چھکے کی مدد سے 10رنز بنانے والے عمر گل کو فہیم اشرف نے آصف علی کی مدد سے قابو کرلیا ،یہ ان کی میچ میں دوسری وکٹ تھی ۔
اسلام آباد کے عماد بٹ نے محمد عرفان صفر رنز کو 20ویں اوور کی پہلی گیند پر بولڈ کرکے ٹیم کو 33 رنز سے فتح دلوادی ،وہ بھی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے ۔
مصباح الحق الیون کی طرف سے عماد بٹ،فہیم اشرف،سمت پٹیل اور شاداب خان نے 2،2 جبکہ محمد سمیع نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس فتح کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم10 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر براجمان ہے،یہ دونوں ہی ٹیمیں پی ایس ایل تھری کے پلے آف کے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔
پلے آف میں مزید دو ٹیمیں کونسی ہوں گی؟ اس کے لئے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچز انتہائی اہم ہوگئے ہیں، دونوں ٹیموں نے 2،2 میچز کھیلنے ہیں۔