چارسدہ(نمائندہ جنگ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین و سابق سینئر صوبائی وزیر سکندرخان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کرپشن میں ملوث ہیں ۔نیب نے وزیر اعلی کے خلاف کرپشن کے دو کیسز میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ، الزامات کے حوالے سے تحقیقا ت مکمل ہونے تک وزیر اعلیٰ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائے ، کرپشن الزامات پر سابق وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنے والے عمران خان بے قاعدگیوں پر کیوں خاموش ہیں ؟ علاقہ مرغز میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیر پاؤ نے کہا تحریک انصاف کی غیر سنجیدہ سیاست ڈبل سٹینڈرڈ ہے ، کرپشن کے الزامات پر سابق وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور انکے خلاف چار سال تک دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کئے لیکن بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن اور مالم جبہ میں سرکاری اراضی لیز پر دینے میں بے قاعدگیوں پر عمران خان نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ تحریک انصاف حکومت کی کرپشن کے مزید کیسز بھی سامنے آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ چیئر مین کے انتخاب میں بھی پی ٹی آئی کا دہرا معیار سامنے آیا ہے ، ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے والے عمران خان اور آصف زرداری نے اپنے سیاسی مقاصد کو پورا کرنے کیلئے ہاتھ ملایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ریکارڈ ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے ، جن سیاسی پارٹیوں کے تین ایم پی ایز تھے ان کے بھی دو سینیٹرز منتخب ہوئے ، ہم نے پہلے بھی مطالبہ کیا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے سینیٹ انتخابات کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے ۔ سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ چیئر مین سینیٹ کے انتخابات میں جو کچھ ہوا اور اس بارے جو الزامات لگائے جا رہے ہیں یہ ملک میں جمہوری نظام کیلئے نقصان کا باعث ہے۔