• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں سے زیادتی کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشرے میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، میڈیا کو اس سے متعلق والدین اور بچوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہئے،پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی نظام وضع اور فرانزک لیبارٹری قائم کی ہے جس سے دوسرے صوبے بھی استفادہ کر رہے ہیں ، زینب اور عاصمہ کیس نے ہماری آنکھیں کھول دی ہیں، تمام اسمبلیوں نے اس حوالے سے قانون سازی کیلئے کام شروع کر دیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی کی قائم کردہ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی موجودہ قوانین، لیگل فریم ورک اور قواعد و ضوابط میں مؤثر بہتری کیلئے ان کا جائزہ لے کر 30 دن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی، وفاق اور صوبوں میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سے متعلق ٹاسک فورس کام کر رہیں ہیں، یونیسیف پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے میں شراکت دار ہے ۔ وہ منگل کو یہاں یونیسیف کے زیراہتمام پاکستان میں چائلڈ پروٹیکشن، کیس مینجمنٹ اور ریفرل سسٹم کے موضوع پر ورکشاپ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلوچستان اور گلگت بلتستان بچوں کے تحفظ کیلئے جامع قانون سازی کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں، ایسی قانون سازی سے لوگوں میں یہ اعتماد پیدا ہوتا ہے کہ حکومت معاشرے میں اس مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔
تازہ ترین