(مشاہدات، تجربات اور گزارشات)
مصنّف : قاضی مَاجد علی
صفحات: 252، قیمت 435: روپے
کتاب ملنے کا پتا :فرید پبلشرز ، 12مبارک محل ، اُردو بازار، کراچی
کتاب کے مصنّف پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ماہرِ قانون ہیں، یہ کتاب ان کے مشاہدات و تجربات اور مختلف اسلامی موضوعات پر لکھی گئی تحریروں کا مجموعہ ہے، کتاب کے مضامین و موضوعات اس طرح ہیں، دستورِ انسانیت، اللہ کے شیروں کو سرکشی مجبوری یا سزا ، متقی اور گناہ گار ، وایتاء ذی القُربیٰ، جنّت کا سفر، حق کی تلاش میں، محمّد صلی اللہ علیہ وسلم ایک پیغمبر، ایک احسان، حضرت آدم علیہ السلام اور بعض دیگر انبیاء، ہم کہاں کھڑے ہیں؟ رب کی چاہت اور خطوط۔ بیش تر مضامین اسلامی موضوعات سے متعلق ہیں، جس میں جا بہ جا مصنّف نے اپنے مشاہدات و احساسات اور تجزیہ پیش کیا ہے۔
ان کی تحریریں اسلامی حُسنِ معاشرت اور اسلام کی اعلیٰ اخلاقی اقدار کی آئینہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کے فلسفۂ عدل و مساوات اور انسانی ہم دردی کا درس دیتی نظر آتی ہیں۔ غالباً اسی بناء پر کتاب کا عنوان ہے، ’’ہو کیوں فطرت میں چَنگیزی!‘‘