• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریک ِ پاکستان کے غیرمسلم ہیروکون تھے ؟

آج یومِ قراردادِ پاکستان ہے۔23مارچ 1940ء کو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آل انڈیا مسلم لیگ نے مسلمانوں کی اکثریت پر مشتمل ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ تحریکِ پاکستان صرف اور صرف مسلمانوں کی تحریک تھی جس کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیالیکن تاریخ بتاتی ہے کہ بہت سی غیرمسلم شخصیات نے بھی تحریکِ آزادی میں قائداعظم اور مسلمانوں کا ساتھ دیا۔

تحریک ِ پاکستان کے غیرمسلم ہیروکون تھے ؟
جوگندراناتھ ماندل ۔۔۔ پاکستان کے پہلے وزیرِ قانون 

23مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک میں قائداعظم محمد علی جناح کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جب مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی قرارداد منظور کی گئی تو اس موقع پر غیرمسلم سیاستدان ایس پی سنگھا، ایف آئی چوہدری اور آر اے گومسندبھی موجود تھے۔اسی طرح دیوان بہادر ستیہ پرکاش سنگھا، راجکماری امریت، چندولال، سی ای گبن، الفرڈپرشاد، ایف ای چوہدری اور ایس ایس البرٹ جیسے غیرمسلم سیاسی کارکن بھی الگ وطن کے حصول کے لیے مسلمانوں کے شانہ بہ شانہ تھے۔

تحریک ِ پاکستان کے غیرمسلم ہیروکون تھے ؟
جسٹس کارنیلیس ۔۔۔ پاکستان کے پہلے عیسائی چیف جسٹس ۔۔ فائل فوٹو

قائداعظم کے بااعتماد ساتھیوں میں جوگندراناتھ ماندل بھی تھےجوقیامِ پاکستان کے بعد مملکت ِ خداداد کے پہلے وزیرقانون بنے۔اسی طرح متحدہ پنجاب کی اسمبلی کے اسپیکرایس پی سنگھا نے بھی پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر فیصلہ کن کردارادا کیا۔ان کے علاہ سروکٹر ٹرنرکانام بھی تحریکِ پاکستان کے اہم رہنمائوں کی فہرست میں شامل ہے۔ سروکٹرپاکستان کے پہلے فنانس سیکرٹری مقرر ہوئے اور ایف بی آر کے چیئرمین بھی رہے۔بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان کے پہلے کرنسی نوٹ پروی اے سی ٹرنر ہی کے دستخط تھے۔

سروکٹر کی طرح ایک اور عیسائی رہنماایلون کارنیلیس بھی تحریکِ پاکستان میں پیش پیش تھے۔وہ پاکستان بننے کے بعد وزیرقانون جوگندرا ناتھ ماندل کے سیکرٹری مقرر ہوئے بعدازاں قائداعظم نے انہیں لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنادیا۔ انہیں پاکستان کے پہلے غیرمسلم چیف جسٹس ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

تحریک ِ پاکستان کے غیرمسلم ہیروکون تھے؟
جگن ناتھ آزاد ۔۔۔ پاکستان کا پہلا قومی نغمہ لکھنے والے شاعر 

یہ بات بھی بہت کم لوگوں کے علم میں ہے کہ قرارداد ِپاکستان کی تیاری میں نواب محمد اسماعیل خان،سرسکندرحیات خان اورملک برکت علی کے ساتھ سرظفراللہ خان نےبھی اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کا پہلا ملی نغمہ بھی قائداعظم کی خواہش پر ایک غیرمسلم شاعر جگن ناتھ آزاد نے لکھا تھا۔جگن ناتھ آزاد نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کا لکھا ہوا نغمہ 14اگست 1947ء کو ریڈیوپاکستان سے نشر بھی ہوا تھا۔

اسی طرح پارسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے جمشید نسروانجی مہتا‬‎ کراچی کے پہلے میئر تھے۔انہیںجدیدکراچی کا معمار بھی کہا جاتا ہے۔کراچی کا معروف جمشیدروڈ انہی کے نام سے منسوب ہے۔پارسی کمیونٹی کو کراچی کی معمار برادری تصور کیا جاتا ہے۔ لیڈی ڈیفرن اسپتال، اسپنسر آئی اسپتان، ماما پارسی اسکول، این ای ڈی یونیورسٹی اور پارسی ہائی اسکول جیسےباوقار ادارےکراچی کے لیے پارسی کمیونٹی کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

تازہ ترین