اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان میں خود کو لیڈر کے طور پر متعارف کروانے والی خاتون کے بارے میں واجد ضیاءکی گواہی انتہائی اہم ہے۔ واجد ضیاءنے قوم کو بتایا اور گواہی دی کہ مریم نواز نے جے آئی ٹی میں 22دستاویز جمع کروائیں اور بائیس کی بائیس دستاویز جعلی نکلیں۔ یہ بات تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے مریم نواز کہا کرتی تھیں کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ،قوم نے دیکھا کہ وہ بھی ایک بہت بڑا جھوٹ نکلا۔اب مریم نواز نے اپنے دفاع میں جو دستاویز پیش کیں وہ بھی جعلی نکلیں۔مریم نواز اور ان کے والد کہتے ہیں کہ ان پر پانچ ہزار روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی۔ دوسری طرف ان کے دستاویز میں پانچ روپے کی آمدن نہیں نکل رہی۔ اس خاندان نے جو اکاؤنٹ کھولے ان میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں۔ اس خاندان نے اربوں روپے کی جائیدادیں خریدیں۔ ان کے پاس ٹرانزیکشن کا کوئی ثبوت ہے نہ جائیدادوں کی خریداری کا۔ ان حرکتوں سے ان کے اخلاقی معیار کا انداز ہوتا ہے۔