ٹھٹھہ،گھارو(نامہ نگاران)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات چیف جسٹس کو متاثر کرنے کی کوشش تھی لیکن ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس متاثر نہیں ہونگے اور قانون کے مطابق چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کی جانیوالی کراچی ٹھٹھہ ڈبل کیرج وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ڈرامہ عوام کے سامنے آگیا ہے وہ صرف اپنے آپ کو بچانا چاہتے ہیں نواز شریف اس چابی کو ڈھونڈ رہے ہیں جو ان کے کھلونے کو چلاتا تھا تا کہ کچھ بھی ہو جائے پاناما سے بچ جائیں انہوں نے کہا کہ 5 برسوں سے ن لیگ 18 ویں ترمیم پر حملہ کرتی رہی ہے آج تک این ایف سی ایوارڈ نہیں دے سکے ہمیں 18 ویں ترمیم پر کسی بھی قسم کا کمپرومائز منظور نہیں ہے انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیاسی جماعتیں آپس میں لڑائی میں لگی ہوئی ہیں ایک دھرنا دوسرا دھرنا پھر مجھے کیوں نکالا عوام کے مسائل سے کسی کو دلچسپی نہیں ہے ن لیگ نے صرف اشتہارات اور پروپیگنڈہ پر خرچ کیا دس برسوں میں شہباز شریف نے ایک نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا، الیکشن میں دیکھیں گے کہ عوام کیسی سیاسی جماعت چاہتے ہیں انہیں ضیاء الحق کے ساتھی اور طالبان کے بچھڑے بھائی چاہئیں یاان کے مسائل حل کرنے والی جماعت چاہیے، 2018 کا الیکشن جیت کر پورے ملک کے لیے مفت صحت کی سہولت فراہم کریں گے ہم سندھ سے سو فیصد ووٹ لیں گے کراچی سے بھی خالی سیٹیں نکالیں گے، پاکستان میں حکومت بنائیں گے عوام کو روزگار کپڑا مکان دیں گے۔ پیپلز پارٹی نے شو بازی نہیں سندھ میں کام کیا ہے پیپلز پارٹی ایک نظریاتی وفاقی جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرتی ہے ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہیں خارجہ پالیسی سنبھالتے ہیں حقیقی ایشوز پر کام کرتے ہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی انقلابی پروگرام کو صوبہ کی سطح پر بھی متعارف کرایا۔ 2009 سے یوسی کی سطح پر غربت کے خاتمہ کا پروگرام چل رہا ہے غریب خواتین کو بلا سود قرضہ فراہم کرکے 6 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا، سندھ میں صحت کا انفرا اسٹرکچر بہت کمزور ہے غریب کے لیے علاج کافی مہنگا ہے دل کے امراض میں ہزاروں مرجاتے ہیں ہم نے جنوبی ایشیا کے دل کے سب سے بڑے اسپتال میں علاج مفت کردیا ہے سائبر نائف کے ذریعہ کینسر کے مہنگے ترین علاج کو بھی کراچی میں مفت کیا جا رہا ہے سائبر نائف کے ذریعہ علاج کی پوری دنیا میں صرف دو سو مشینیں ہیں جن میں سے ایک مشین کراچی میں ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرف کئی کیسز میں مطلوب ہیں انہیں ضرور واپس ہونا ہوگا سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے ہمارا مطالبہ کل بھی یہی تھا آج بھی یہی ہے اور کل بھی یہی ہوگا۔ پیپلز پارٹی اپنی طاقت اور نشان پر الیکشن لڑے گی اتحاد بعد کی بات ہے ہم کیٹی بندر کو سی پیک میں شامل کرانا چاہتے تھے لیکن نواز لیگ نے مخالفت کی ہماری حکومت آنے کے بعد کیٹی بندر میں ایک ماڈرن پورٹ تعمیر کریں گے انہوں نے کہا کہ آپس کے اختلافات ختم کرکے کام کریں ہمیں آپ سب کی ضرورت ہے۔کراچی ٹھٹھہ ڈبل کیرج وے کی تعمیر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مقررہ مدت سے پہلے تعمیر کرلی گئی ہے جو کراچی اور ٹھٹھہ کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔گھارو سے نامہ نگار کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جسکے پاس عوام کے تمام مسائل کے حل کے لیے ایک جامع منشور موجود ہے جس میں دہشت گردی کا خاتمہ خارجہ معاملات، توانائی کے بحران کے خاتمے سمیت صحت و تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنا شامل ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم نے سندھ میں غریب خواتین کو بلاسود قرضے دیئے اور 6 ہزار خاندانوں کو غربت سے نکال کر معاشی طور پر مستحکم کیا اسی طرح دل کی بیماریوں کا جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا اسپتال کراچی میں قائم کیا اور اسی طرز کے اسپتال سندھ کے دیگر اضلاع حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، لاڑکانہ اور سیہون میں قائم کیے جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے انھوں نے کہا کہ ہم شو بازی نہیں کرتے عوام باخبر ہیں کہ روزگار صحت اور تعلیم کی ترقی کے لیے کس نے کام کیا نواز لیگ صرف اشتہاروں پر خرچ کرتی ہے جبکہ پی پی عوامی فلاح پر خرچ کرتی ہے۔ عوام پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ دیکر یہ ثابت کرے گی کہ پی پی غریب عوام کی جماعت ہے۔ وزیر اعظم ایک معقول انسان ہیں سینیٹ کے چیئرمین کے بارے میں دیئے جانے والے ریمارکس انہیں واپس لینے چاہئیں۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ کراچی ٹھٹھہ ڈبل ڈیول کیرج وے منصوبہ 8 ارب 85 کروڑ روپے کی لاگت سے 20 ماہ میں مکمل کیا گیا ہے جس میں 14 فیصد سندھ حکومت اور بقیہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے مکمل کیا گیا ہے۔