سرد ی ہو یا گرمی ، فریج اس ضروری ساز وسامان میں ہے ، جس سے ہر روز، بار بار واسطہ پڑتاہے۔ کھانا ہو یا آئسکریم ، ٹھنڈی بوتلیں ہوں یا سبزیاں، پھلوں کی پلیٹ ہو یا لزانیہ ، ہر چیز جن کی طرح حاضر کردیتاہے۔اسی لیے گھریلو استعمال کی اہم ترین چیز فریج کے لیے مناسب صفائی اور دیکھ بھال کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔فریج کی دیکھ بھال کے معاملے میں غفلت برتنا نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
فریج کو تھرما میٹر کے ذریعے اکثر وبیشتر چیک کرتے رہنا چاہیے ۔ اس طرح آپ کو فریج کی کارکردگی اور اس میں پیدا ہونے والی خرابیوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی رہیں گی ۔ اگر فریج کو چیک نہیں کیا جائے گا تو آپ کا فریج خراب ہوکر بند بھی ہوسکتا ہے اور یا غلط ٹمپریچر کی وجہ سے اس میں رکھی ہوئی چیزیں خراب بھی ہو سکتی ہیں ۔ فریج کا ٹمپریچر پچاس ڈگری سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے اور جب اسے چیک کرنا ہو تو فریج کا ٹمپریچر چالیس ڈگری تک رکھیں ۔
فریج میں آئس کیوب ٹرے عموماً زیادہ برف بننے کی وجہ سے منجمد ہوکر چپک جاتی ہے اور اسے اکھاڑنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ اس تکلیف دہ مسئلے سے بچنے کے لیے آپ آئس کیوب ٹرے کے نیچے مومی کاغذ رکھ دیں ۔ آئس کیوب ٹرے فریج میں نہیں چپکے گی ۔
•فریج کے اندرونی دروازے کو کبھی بھی پانی ڈال کر نہ دھوئیں۔ اس طرح دھونے سے چاروں طرف لگا ہوا ربڑ خراب ہوجاتا ہے ۔ اسے گیلے کپڑے سے پونچھ کر صاف کرنا چاہیے ۔
•فریج کو اندر سے دھونے کے لیے صابن کا استعمال نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جس کی وجہ سے فریج میں بدبو پیدا ہوجاتی ہے اس سے بہتر ہے کہ پانی میں سہاگہ(بوریکس)ملا کر دھوئیں ایک سیر پانی میں ایک درمیانہ چمچ سہاگہ کافی ہے ۔
فریج کے اندر بہت زیادہ برف جمنے نہ دیں کیونکہ اس طرح فریج جلدی خراب ہوجاتا ہے ہر مہینے فریج بند کرکے اندر جمی ہوئی برف پگھلنے دیں اگر برف بہت زیادہ جمی ہو تو دھونے سے پہلے برف والے خانے کے نچلے حصے میں کھولتے ہوئے پانی کی دیگچی رکھ کر دروازہ بند کردیں برف چند لمحوں میں پگھل جائے گی۔
•فریج کی چمک دمک برقرار رکھنے کے لیے تھوڑے سے پانی میں امونیا کے چند قطرے ملا کر صاف کریں ۔
سموسے یا پیٹیز اس طرح فریج میں رکھیں کہ وہ آپس میں نہ جڑیں ۔ جب وہ سخت ہو جائیں تو انہیں کسی کاغذ میں لپیٹ کرفریج میں رکھیں اس طرح وہ آپس میں نہیں جڑیں گے ۔
فریج میں پھلوں کو محفوظ اور ٹھنڈا رکھنے کے لیے مضبوط سیلوفین کے لفافوں میں بند کریں تیزابی فروٹ علیحدہ رکھیں کیونکہ تیزابی پھل سے کاغذ وغیرہ گل جاتے ہیں اور دوسرے پھلوں کی خوشبو اور ذائقے کو خراب کرتے ہیں۔
فریج میں اگر پھپھوندی وغیرہ لگ جائے تو اس کو صاف کرنے کے لیے سفید سرکہ اور میٹھا سوڈا مِلا کر صاف کریں۔
اگر آپ گھر سے باہر جا رہے ہوں اور فریج، فریزر بند کرنا ہو تو پہلے فریج یا فریزر کو سفید سرکہ اور واشنگ پاؤڈر ملا کر صاف کریں۔ پھر درمیان میں ایک پیالے میں میٹھا سوڈا بھر کر رکھ دیں اور اخبار کے گولے بنا کر فریج یا فریزر میں بھر دیں۔ آپ کئی دن بعد بھی کھولیں گے تو ذرا سی بھی بُو نہیں ہو گی۔
فریج کو کافی عرصے تک استعمال کے لیے اس کی بیک سائیڈ صفائی بہت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ غیر متوازن حالت میں رکھا ہوا فریج زیادہ توانائی صَرف کرتا ہے اس لیے اسکی سطح کا لیول درست ہونا چاہئے۔
فریزر میں سبزیاں رکھنے سے پہلے سبزیوں کو ہمیشہ پانی میں ایک اُبال دیں ساتھ ہی ایک چائے کا چمچ سِرکہ یا ایک چائے کا چمچ چینی ڈال دیں۔
فریزر صاف کرکے اگر گلیسرین برش کے ذریعے چاروں طرف لگا دیں تو دوبارہ صاف کرنے میں آسانی ہوگی کیونکہ برف کی پوری تہہ نکل جائے گی اور برف جلدی پگھل جائے گی۔