ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ شعیب ملک اور میں نے طے کیا ہے کہ ہمارا بچہ ’مرزا ملک‘کہلائے گا اور یہی اس کا خاندانی نام ہوگا۔
’گوا فیسٹ 2018‘میں ’صنفی تعصب ‘کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے اس راز سے پردہ اٹھادیا کہ ان کی اولاد کا خاندانی نام کیا ہوگا۔
ان کا کہناتھاکہ شعیب اور میں نے اس حوالے سے بات کی اور طے پایا کہ جب بھی ہمارا بچہ ہوگا اس کا خاندانی نام (سرنیم) ’مرزا ملک ‘ ہوگا ناکہ صرف’ ملک‘ ،جبکہ میرے شوہر پہلی اولاد کے طور پر بیٹی چاہتے ہیں۔
31سالہ ٹینس اسٹار نے اس موقع پر صنفی امتیاز کے اپنے تجربے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ہم دو بہنیں ہیں،کبھی خواہش نہیں رہی کہ ہمارا ایک بھائی بھی ہو، ہمارے کچھ رشتے دارمیرے والدین پر بیٹے کی پیدائش کا زور ڈالتے تھے تاکہ خاندانی نام آگے بڑھ سکے۔
اس طرح کی بات کرنے والے انکل اور آنٹی سے میرا جھگڑا رہتا کہ وہ کیوں میرے والدکو کہتے ہیں کہ ان کے یہاں بیٹے ہونا چاہیے، میرانام آج بھی ثانیہ مرزا ہے،میں نے شادی کے بعد اپنا خاندانی نام تبدیل نہیں کیا ،یہ آگے بھی بڑھے گا۔