اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت قائم کئے گئے سنگین غداری کیس کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ کو از سر نو تشکیل دے دیا گیا ہے اور یہ عدالت اب مکمل ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان،جسٹس میاں ثاقب نثار نے خصوصی عدالت کی از سر نو تشکیل کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید یاور علی کو خصوصی عدالت کا سربراہ بنانے کی منظوری دیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نذر اکبر کو بھی عدالت کا رکن مقرر کردیا ہے ۔ بلوچستان ہائی کورٹ کی جج جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر بھی عدالت کا حصہ ہوں گی۔یادرہے کہ ملزم پرویز مشرف کے وکیل نے گزشتہ سماعت پر عدالت کے سربراہ /چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو عدالت سے علیحدہ کرلیا تھا جس بناء پر عدالت ایک بار پھر غیر فعال ہوگئی تھی اور وفاقی وزارت قانون و انصاف نے عدالت کی از سر نو تشکیل کے لئے چیف جسٹس کو خط لکھا تھا۔چیف جسٹس کی منظوری کے بعد اب وزارت قانون و انصاف فاضل ججوں کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔