• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اُف !! میری چکنی جلد....

مہ وش نعیم

چکنی جلدکی حامل خواتین اکثر یہی شکایت کرتی نظر آتی ہیں کہ چہرے پر ایکنیز اور پمپلز نے پریشان کر رکھا ہے،آخر صاف ستھری جلد میری کیوں نہیں ہوسکتی؟ خاص طور پرموسم گرما میں چکنی جلد کی وجہ سے بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔چہرے پر ایکنیز اور دانے متواتر نمودار ہوتے ہیں اوربدنما داغ چھوڑ جاتے ہیں۔ اگر دانے نہ بھی ہوں تو بلیک ہیڈز یا باریک سوراخ جلد کے اندر ضرور نظر آئیں گے ۔جلد کی قسم معلوم کرنے کے لیے اگرآپ ٹشو پیپرکوچہرے پر رکھ کر دبائیں ، تو مشاہدے میں آئے گا کہ ٹشو پرہلکے تیل کے دھبے نمایاں ہوجائیںگے، جس سے پتا چلتا ہے کہ آپ کی جلد چکنی ہے ۔

گرمیوں میں یہ جلد خاص طور پر زیادہ چکنی رہتی ہے،جو بہت سے مسئلے مسائل کا باعث بنتی ہے۔ چونکہ چکنی جلد پر موجودمٹی اور آلُودگی آسانی سے صاف نہیں ہو پاتی جس کی وجہ سے اِس پر داغ، دھبے اور کیل مہاسے ابھر آتے ہیں جو بہت بدنما لگتے ہیں۔ ان سب مسائل کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کے اگر ہم چہرے کی جلد کو روٹین کے مطابق چند آسان مراحل سے گزاریں تو اپنی فیشل بیوٹی میں فرق محسوس کرسکتے ہیں۔ آئیے! اس حوالے سے چند گُر آزمائیں:

کلینزنگ :(انتہائی ضروری عمل)

چکنی جلد کی حامل خواتین کو چاہیے کہ اپنی جلد کو جتنا ہو سکے صاف ستھرا رکھیں۔ دن میں تقریباً 3 سے 4 مرتبہ منہ کسی اچھے فیس واش سے دھوئیں، تا کہ جلد پر مٹی نا جم سکے۔ بنیادی طور پر مٹی اور آلودگی ہی چہرے کی ساخت کو خراب کرتی ہے اور جس سے بعد میں داغ، دھبے اور کیل مہاسے ابھر آتے ہیں۔ جَیل والے فومنگ فیس واش چہرے کی چکنائی کافی حد تک دور کر دیتے ہیں اور آپ اجلی صاف شفاف جلد محسوس کرتے ہیں۔

اسکربنگ (ہفتے میں دوبار)

چکنی جلد کی اسکربنگ بھی بہت ضروری ہے۔ ہفتے میں دوبار کسی اچھے اسکرب کا استعمال بھی کریں۔ سکرب جلد کی اُپری سطح کے سیلز سے اچھی طرح چکنائی کو صاف کر کے آپ کو دلکشی اور رعنائ دیتاہے۔

ہفتہ وار فیس ماسک کا استعمال

ہفتہ وار فیس ماسک کا استعمال آپ کےچہرے کی چکنائی سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کافی مدد فراہم کرتا ہے۔ آپ مختلف قسِم کے فیس ماسک استعمال کر سکتی ہیں، جس میں قدرتی اجزاء زیادہ ہوں۔ ویسے تو مارکیٹ سے بھی کئی ایسے فیس ماسک آسانی سے دستیاب ہیں ،لیکن اگر آپ یہ ماسک گھر پر بنانا چاہتی ہیں ،تب بھی یہ کافی مؤثر ثابت ہوتے ہیں اور آپ کے چہرے کی چکنائی کافی حد تک کنٹرول میں رہتی ہے۔

نیچرل ماسک

اجزاء

کھیرا ،ایک عدد،لیموں کا رس ،ایک کھانے کا چمچ،انڈے کی سفیدی ،ایک عدد،پودینے کے پتے ،آدھا کھانے کا چمچ،شہد ،ایک کھانے کا چمچ،عرق گلاب ،ایک کھانے کا چمچ

طریقہ استعمال:

کھیرا چھیل کر اسے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور گرائنڈر کی مدد سے اس کا پیسٹ بنا لیں۔اب اس پیسٹ میں عرق گلاب، لیموں کا رس اور شہد ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں ، پھر پودینے کے پتوں کو پیس لیں اور اس میں شامل کر دیں ۔ اب انڈے کی سفیدی کو علیحدہ سے اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں ڈال کر مکس کرلیں۔جب تمام اجزاءیکجان ہو جائیں تو انہیںہاتھو ں کی مدد سے چہرے اور گردن پر لگا لیں۔ اس کا استعمال آنکھوں کو بچاتے ہوئے کرنا ہے۔پچیس منٹ تک لگا رہنے دیں ، پھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔ اس کا استعمال ہفتے میں دومرتبہ کریں ، آپ کی سکن آئل فری ہو جائے گی اور جلد پر تازگی اور چمک آجائے گی۔

چکنی جلد پر اگر ایکنیز ہوجائیں تو روزانہ دو دفعہ کسی اچھے ٹونر سے چہرے کو صاف کریں ۔دھوپ سے بچنے کے لیے سن بلاک کااستعمال کریں ۔ دن میں کم ازکم آٹھ سے دس گلاس پانی پئیں ۔ اگر پانی میں لیموں نچوڑ کر پئیں تو بہت فائدہ ہو گا۔ کم ازکم چار سے پانچ مرتبہ منہ دھوئیں، خاص طور پر صبح اٹھنے پر اور رات کو سونے کے پہلے تو لازمی چہرہ دھوئیں۔

تازہ ترین