• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خادم علی شاہ بلامقابلہ ساف فٹ بال کے سینئر نائب صدر منتخب

خادم علی شاہ بلامقابلہ ساف فٹ بال کے سینئر نائب صدر منتخب

سید خادم علی شاہ بلامقابلہ سائوتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن (ساف) کے سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے۔

خادم علی شاہ پاکستان کے پہلے نمائندے ہیں جنہیں مسلسل تیسری بار اس عہدے کیلئے منتخب کیا گیا، اسی کے ساتھ ساف چیمپئن شپ 2020 کی میزبانی بھی پاکستان کو مل گئی،2019 میں ہونے والی ساف انڈر 15بوائز چیمپئن شپ، 2021 میں 19 سال سے کم عمر خواتین کی چیمپئن شپ بھی پاکستان کو دینے کا اعلان کیا گیا۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے سائوتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات میں بنگلہ دیش کے قاضی صلاح الدین کو بھی اگلی 4سالہ ٹرم کے لئے بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا جبکہ بقیہ ارکان حق رائے دہی کے ذریعے منتخب ہوئے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات نے ساف کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے سید خادم علی شاہ کی کامیابی کو بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاکستان میں فٹ بال کا معیار نہ صرف مزید بہتر ہوگا بلکہ گزشتہ تین سالہ فٹ بال کی محرومی کا بھی خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے پاکستان بھر میں فٹبال کے چاہنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں فٹبال کو عروج پر پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ساف کے نومنتخب صدر قاضی صلاح الدین اور ساف کانگریس کے دیگر ممبران نے سید خادم علی شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کو ان کے بلا مقابلہ انتخاب پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ سید خادم علی شاہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی خطے میں فٹ بال کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین