• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمیوں میں آپ کے بالوں کو چاہیئے تھوڑی سی ایکسٹرا کیئر

گرمیوں میں آپ کے بالوں کو چاہیئے تھوڑی سی ایکسٹرا کیئر

بالوں کا خواتین کی خوبصورتی اور مجموعی شخصیت میں بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔ خوبصورت، چمکدار اور جاندار بال جہاں خواتین کی شخصیت کو نکھارنے میں کردار ادا کرتے ہیں، وہیں روکھے اور بے جان بال مجموعی شخصیت پر خراب تاثر چھوڑتے ہیں۔ گرمیوں کا موسم جہاںجلد کےلیے مشکل ثابت ہوتا ہے، وہاں اکثر خواتین کو بالوں کی حفاظت کی فکر بھی رہتی ہے۔

سر کی جلد کاچکنا بن جانا او ربالوں کا گھنگھریالا پن اس موسم کے عمومی اثرات کا نتیجہ ہوتا ہے، جس کے باعث کچھ خواتین کے بال گرنے بھی لگتے ہیں۔ ایسے میں آپ کو ضرورت ہے ’سمر ہیئرکیئر گائیڈ‘ کی، جو یہاں آپ کے لیے پیش کی جارہی ہے،جس پر عمل پیرا ہوکر آپ ان مسائل سے باآسانی جان چھڑا کر اپنے بالوں کو تر و تازہ رکھ سکتی ہیں۔

سر کی چکنی جلد کا کیا کریں؟

یہ ممکن ہے کہ ہم میں سے بہت سارے افراد کے سر کی جلد سال بھر چکنی رہتی ہو تاہم حقیقت یہ ہے کہ گرمیوں میں صورت حال گھمبیر ہوجاتی ہے، جسے سنبھالنا بہت ضروری بن جاتا ہے۔

-1بالوں کو ہفتے میں دو سے تین بار شیمپو کریں تاکہ سر کی چکنائی کو دور رکھ سکیں۔ چکنی جلد کے پیش نظر، سرکی جلد پر لائٹ Clarifyingشیمپو استعمال کریں جب کہ بالوں کےاختتامی سروں کی طرف کنڈیشنز لگائیں۔ اس سے آپ کم از کم چکنائی میں اضافی کی کیفیت سے محفوظ رہیں گی۔

بالوں کو براہ راست دھوپ سے بچائیں

تیز دھوپ میں نکلنے سے پہلے بالوں کو ڈھانپ لینا بہتر ہے۔ اس سے سورج کی تیز شعاعوں اور گرد و غبار سے حفاظت ہوسکتی ہے۔ دوپٹے، خوبصورت اسکارف، پی کیپ، یا ہیٹ سے سر کو ڈھانپا جا سکتا ہے۔

بالوں کو نرم رکھنا

بالوں کو موائسچرائز کرنا بہت ضروری ہے۔ اس کے لیے کسی اچھی قابل اعتماد کمپنی کا موئسچرائزر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں بالوں پر تیل لگانا بھی مؤثر ہے لیکن اسے ایک دن سے زیادہ بالوں میں نہ لگا رہنے دیا جائے۔

بلو ڈرائیرکا استعمال کم کریں

گرمیوں میں ہیئر اسٹائلنگ کے لیے بلو ڈرائنگ نہایت نقصان دہ عمل ہے۔ گرمیوں میں خشک ہوا اور تیز دھوپ کی وجہ سے بال ویسے ہی خشک ہوجاتے ہیں۔ مزید بلو ڈرائی کرنا انہیں بہت نازک بنا دیتا ہے جس کے بعد یہ سورج کی تیز شعاعوں سے محفوظ نہیں رہ سکتے اور کمزور ہو کر گرنے لگتے ہیں۔

آئل سے مساج کریں

سر کی جلد کا مساج دوران خون کو تیز کرتا ہے، جس سے بالوں میں چمک پیدا ہوتی ہے۔ سر میں تیل لگا کر مساج کرنے سے تیل بالوں کے تمام حصوں تک پہنچتا ہے جو بالوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

متوازن غذا کا استعمال

بالوں کو صرف بیرونی طور پر نگہداشت کی ضرورت نہیں بلکہ اندرونی طور پر بھی حفاظت کی ضرورت ہے۔ بالوں کو جاندار بنانے کے لیے متوازن غذا کا استعمال ضروری ہے۔ دلیہ، دہی، انڈے، مچھلی اور بادام وغیرہ بالوں کے لیے بہترین غذائیں ہیں۔ اس کے برعکس جنک فوڈ اور سوڈا مشروبات جسمانی طور پر اور بالوں کے لیے یکساں نقصان دہ ہیں۔

کلورین اور آپ کے بال

گرمیوں میں خواتین کی سوئمنگ کرنے کی فریکونسی بڑھ جاتی ہے۔تاہم تیراکی کرتے ہوئے سوئمنگ پول میں ڈالے جانے والے کلورین سے حد درجہ محتاط رہیں۔ یہ بالوں کے لیے زہر قاتل کی حیثیت رکھتا ہے۔ سوئمنگ کرتے ہوئے لازمی طور پر شاور کیپ یا سوئمنگ کیپ کا استعمال کریں۔ تاہم ایک بات ذہن نشین کرلیں کہ صرف شاور کیپ یا سوئمنگ کیپ پہننے سے آپ اپنے بالوں کو کلورین سے محفوظ نہیں رکھ پائیں گی۔ 

کلورین کے اثرات سے بالوں کو محفوظ رکھنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد شیمپو کو دھوئیں مت بلکہ اسی شیمپو کے اوپر تین حصے پانی میں ایک حصہ سیب کا سرکہ شامل کرکے، بالوں پر لگائیں۔ کلورین سے حفاظت کے خصوصی شیمپوز بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔

تازہ ترین