گرمی کا موسم آتے ہی ہیٹ اسٹروک ، تیز بخار،ڈائریا، الٹی ،اور دست کے علاوہ آشوب چشم کی بیماریاںپھیل ہیں۔ ان سےبچاؤ کے لیے گھریلو ٹوٹکے اور سبزی و پھل کا استعمال کریں۔ذیل میںہیٹ اسٹروک اور لو کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے چند پھلوں، سبزیوں اور نباتاتی پودوں کے بارے میں بتارہے ہیں، جن کے استعمال سے مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
پانی
اس موسم میںاکثر نکسیرپھوٹ جاتی ہے۔ ناک کی رگیں خون سے پر ہوکر پھٹ جاتی ہیں، جس کی وجہ سے خون بہنے لگتا ہے۔ ایسے میںمریض کے سر پر ٹھنڈا پانی ڈالیں، ایسا کرنے سے نکسیر بہنابند ہوجاتی ہے۔ اگر خون بہنا بند نہ ہو توچند قطرے بکری کا دودھ ناک میں ٹپکادیں۔
کدو
روغن کدو سر پر لگائیں ، ناک میں ٹپکائیں ، یہ گرمی کی وجہ سے ناک سےجاری، خون بند کرنے میں بہت مفید ہے۔کدو ابال کرتھوڑا سا نمک یا چینی ملا کر کھلائیں، اس سے ہیٹ اسٹروک سے پیدا ہونے والے عوارض میں افاقہ ہوتا ہے۔کدو کا تازہ گوداپیشانی پرلگائیں، اس سے سر دردمیں فائدہ ہوتا ہے۔
کلونجی کا تیل
لو اور گرمی کی حدت کی وجہ سے سر میں شدید درد ہو تو پیشانی اورکانوں کی لو کے قریب کلونجی کے تیل کی مالش کریں،اس کے علاوہ نصف چائے کا چمچہ کلونجی کا تیل دن میں دو بار پئیں۔
شہد
گرمی کے موسم میں کھانسی کی شکایت بھی عام ہوتی ہے۔ ایک پیالی گرم پانی میں دو چائے کے چمچے شہد اورنصف چائے کا چمچہ کلونجی کا تیل ملا کر دن میں دومرتبہ،یعنی نہار منہ اور رات کو کھانے کے بعد استعمال کریں۔
ککڑی
گرمی کی وجہ سے حلق خشک اور پیاس کی شدت بڑھ جائے تو ککڑی کھائیں۔
دودھ کی کچی لسی
پیاس کی شدت دور کرنے کے لیے کچی لسی مفید ہے۔ دن میں دوسے تین گلاس پئیں، پیاس کی شدت میں کمی ہوگی۔
پیاز
گرم مو سم میں عموماً پیٹ کا نظام بھی خراب ہوجاتا ہے۔ بدہضمی اور الٹیاں روکنے کے لیے 30گرام پیازکاٹ کر اس میں ، پودینے کے چند پتے اور سات عدد کالی مرچ پیس کر ملا کر کھائیں۔ ایک عدد پیاز بھون لیں ،اس میں شہد اور زیرہ ملا کر کھائیں۔ یہ لو اور گرمی سے پیدا ہونے والے بیشتر امراض کے لیے شفا بخش نسخہ ہے۔ گرمی کے موسم میں زیادہ سے زیادہ پیازکی چٹنی یا سلاد بنا کر کھائیں۔
آم
کچا آم یعنی کیری کا رس نکال لیں، ایک گلاس رس میں ایک رتی کالی مرچ اور ایک چٹکی نمک ملا کر پئیں، گرمی کے اثرات دور کرنے اور لو کی حدت سےبچنے کے لیے یہ بے حد مفید نسخہ ہے۔کیری کے ایک گلاس رس میں ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی سونف، ایک چٹکی کالی مرچ اور اتنی ہی مقدار میں کالا نمک ملا کر پئیں، ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے بے حد مفید ہے۔
آلو بخارا
گرم موسم میں پکا ہوا آلو بخارا زیادہ سے زیادہ کھائیں، یہ ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے دل و دماغ اور بدن پر مرتب ہونے والے اثرات کو زائل کرنے کے لیےبے حد فائدہ مند ہوتاہے۔ پانچ عدد آلو بخارے، ایک گلاس پانی میں ڈال کر بھگو دیں، جب نرم ہوجائیں تو انہیں مسل کر رس نکال کر پئیں، تھوڑی ہی دیر میں سکون محسوس کریں گے۔پچاس گرام خشک آلو بخارا اوراس کے ہم وزن املی رات کو ایک گلاس پانی میں بھگو دیں، صبح ان کا رس پانی میں ڈال کرنہار منہ پئیں۔اس سے گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے ہونے والے بخار کی شدت میں کمی ہوتی ہے۔ آلو بخارے کا شربت بھی بے حد مفید ہوتا ہے۔ ایک گلاس شربت پئیں۔ یہ بے چینی، متلی، قے اور بلڈ پریشر کے لیے مفیدہے ۔
املی
پچاس گرام املی ایک گلاس پانی میں ابالیں، ٹھنڈا کرکے اس کا رس نکال لیں۔ اس میں تھوڑی سی چینی یا شہد ملا کر پئیں، بدن کے درجہ حرارت کو اعتدال پر لانے کے لیے بے حد مفید نسخہ ہے۔ گرمی کے موسم میں پیٹ کے عوارض کے لیے بھی املی کا رس بے حد مفید ہوتا ہے۔
چھاچھ
لو اور گرمی کی حدت سے محفوظ رہنےکے لیے ’’چھاچھ‘‘مفید دیسی مشروب ہے۔ ایک گلا س چھاچھ میں ایک چٹکی نمک ملا کر پئیں، طبیعت میں سکون محسوس ہوگا۔
سونف
سونف کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔ ایک تولہ سونف رات کو ایک گلاس پانی میں ڈال کر رکھ دیں، نہار منہ یہ پانی پئیں۔ تمام دن دھوپ کی تپش اور لو کے اثرات سے محفوظ رہیں گے۔
سیب کا سرکہ
ایک چائے کے چمچے کے برابر سیب کے سرکے کو پھلوں کے مشروب یا سادہ پانی میں ایک چائے کا چمچہ شہد ملا کر پئیں، گرمی کی شدت کی وجہ سے پانی اور معدنیات کی کمی کو دورکرکے طبیعت میں چستی پیدا کرتا ہے۔
گھیکوار
250گرام گھیکوار کا رس نکالیں۔ ایک پیالی رس میں ایک چائے کا چمچہ شہد یا شکر ملا کر پئیں۔ گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے اثرات زائل کرنےکے لیے بے حد مفید نسخہ ہے۔ہیٹ اسٹروک کے اثرات بدن پر پڑنے کی وجہ سے جلد پھٹ جاتی ہے یا گرمی دانوں سے بدن بھر جاتا ہے۔ گھیکوار کا گودا بدن کے متاثرہ حصوں پر ملنے سے چند ہی روز میں افاقہ ہوجائے گا۔
لیموں
ایک گلاس لیموں کے رس میں نصف چائے کا چمچہ ،کالی مرچ اورایک چٹکی نمک ملا کر پینے سے طبیعت میں کافی افاقہ محسوس ہوتا ہے،نیز ایک گلاس ناریل کا پانی روزانہ پئیں۔
دھنیا
ایک گٹھی دھنیے کی پتیاں جوسر میں ڈال کر رس نکال لیں۔ نصف گلاس رس میں ،نصف چائے کا چمچہ چینی ملا کر پئیں۔
پودینہ
پودینہ کی پتیاں چٹنی بنا کر کھائیں۔ پودینے کا ایک پیالی رس نکال کر نمک ملا کر پئیں، اس سے لو اور گرمی کے اثرات ختم ہوتے ہیں۔
تلسی کے بیج
ایک چائے کا چمچہ تلسی کے بیج رات کو ایک پیالی عرق گلاب میں بھگو دیں، نہار منہ نصف چمچہ شہد ملا کرپئیں، دن بھر گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہیں گے۔
تربوز
زیادہ سے زیادہ تربوز کھانے سے جسم کی حدت میں کمی ہوتی ہے۔ تربوز کا پانی بھی ہیٹ اسٹروک اور لو کے اثرات کے تدارک کے لیے بے حد مفید ہے۔
صندل
گرم موسم میں صندل کا شربت بے حد مفید ہوتا ہے۔ صندل کے برادے کوتھوڑے سے پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں، اسے پیشانی اور سینے پر لگائیں۔ ہیٹ اسٹروک اور لو کے اثرات کے خاتمے کے لیے یہ بے حد مفید ٹوٹکا ہے۔ صندل کے برادے کو زیتون یا کلونجی کے تیل میں ملا کر گرمی کی شدت کی وجہ سے چٹخنے والی جلد پر مالش کریں۔