• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نئی کتاب: اُجڑا دَیار

مصنّف :شاہد احمد دہلوی

صفحات 312:،قیمت: 850روپے

ناشر :مکتبۂ دانیال، عبد اللہ ہارون روڈ، کراچی

شاہد احمد دہلوی کی یہ کتاب پہلی بار 1968ء میں شایع ہوئی تھی، دوسری بار 1981ء میں ۔ دراصل یہ دِلّی کی معاشرتی او ر تہذیبی زندگی کے بارے میں لکھے گئے کچھ مضامین تھے، جنہیں کتابی شکل دے دی گئی تھی۔ کتاب کا تعارف ملّا واحدی نے لکھا تھا، جو خود بھی دِلّی کی تہذیب کے نمایندہ تھے۔ 

اب اس کتاب کا تیسرا ایڈیشن شایع ہوا ہے، جس میں شاہد احمد دہلوی کے بارے میں ڈاکٹر اسلم فرّخی، سردار علی جعفری اور راشد اشرف کی تحریریں بھی شامل ہیں، اس طرح کتاب کی حیثیت اور اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کے مطالعے سے قاری نہ صرف قدیم دِلّی کی تہذیب و تمدن سے آشنا ہوتا ہے، بلکہ شاہد احمد دہلوی کی پوری شخصیت بھی سامنے آجاتی ہے۔ 

بُلند پایہ ادیب اور ترجمہ نگار ہونے کے علاوہ انہیں رموزِ موسیقی میں بھی کمال حاصل تھا۔ اس کتاب میں ان کی تحریر نگاری سے اگرچہ دِلّی کی معاشرتی زندگی اوراقِ مصوّر کی مانند نظر آتی ہے، مگر ملّا واحدی نے بھی ٹھیک ہی لکھا ہے، ’’ان سب مضامین کو ان سچّے قصّۂ ہائے پارینہ کو پڑھنے کے بعد ایک اضمحلال سا طبیعت میں محسوس ہوتا ہے، لیکن اس میں ایک لذت پائی جاتی ہے، وہی لذتِ غم جس سے زندگی عبارت ہے۔‘‘ کتاب کی طباعت و اشاعت اچھی، مگر قیمت مقابلتاً زیادہ ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین