مصنّفہ: ڈاکٹر سلیس سلطانہ چغتائی
صفحات: 298، قیمت: 600روپے
ناشر: ممتاز پبلی کیشنز، کرچی
تقریباً ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ اُسے زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ زیارتِ حرمین شریفین کا موقع مل جائے، مگر جاتے وہی ہیں، جن پر کرم ہوتا ہے۔مصنّفہ اس لحاظ سے بڑی خوش نصیب ہیں کہ 1991ء سے اب تک انہیں تین مرتبہ حج اور20مرتبہ عُمرے کی سعادت حاصل ہوچکی ہے۔ اب انہوں نے اپنے تمام اسفار کے تجربات، کیفیات اور مشاہدات کو بڑے دِل نشین پیرائے میں بیان کرکے فریضۂ حج اور عُمرے پرجانے والوں کے لیے معلومات کا خزینہ فراہم کردیا ہے۔
مصنّفہ بڑے رواں اور سہل انداز میں تکمیلِ حج کے تمام مراحل سے قاری کو آگاہ کرتی ہیں۔ نیز، مقاماتِ مقدسہ کی متعدد رنگین تصاویر، کتاب کی اہمیت اور خُوب صُورتی میں اضافے کا سبب ہیں۔ کتاب کی اشاعت و طباعت نہایت اہتمام سے ہوئی ہے، جسے دیکھ کر دِل میں بے اختیار مطالعے کی لگن پیدا ہوتی ہے۔