• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر کراچی کی پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے7رکنی وفد سے ملاقات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ شہر کی تزئین و آرائش اور دلکشی میں اضافے کیلئے شہر کی مختلف شاہراہوں پر لٹکے ہوئے تاروں اور کیبل وائرز کو ہٹانے کے کام کا آغاز کیا جاچکا ہے یہ بات انہوں نے پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے7 رکنی وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی جنہوں نے چیئرمین خالد آرائیں کی سربراہی میں میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم، آئی ٹی کنسلٹنٹ دانیال، وائس چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن غفران مجتبیٰ، صدر اخلاق احمد، نائب صدر شہزاد، نائب صدر عاصم، ایگزیکٹو ممبران شاویز اور عابد طیب بھی موجود تھے، کے ایم سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام شہر کی 106 سڑکیں ہیں جن پر لگے ہوئے پولز سے ہر قسم کے تاروں کو ہٹایا جارہا ہے اور اس کے لئے تین ماہ قبل اخبارات میں نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور اداروں سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ انہیں رضا کارانہ طور پر ہٹالیں بصورت دیگر وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے لیکن کیبل آپریٹرز اور اداروں نے تار اور کیبلز نہیں ہٹائے جس کی وجہ سے ہمیں از خود اقدامات کرنے پڑے، میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں شہر کی تزئین و آرائش کے سلسلے میں کیبل آپریٹرز کا تعاون درکار ہے ۔کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے اس موقع پر کہا کہ وہ اس سلسلے میں میئر کراچی سے تعاون کریں گے اور کیبل کو زیر زمین بچھانے کاکام شروع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ جو زیر زمین کیبل بچھانے کے لئے جن فٹ پاتھ یا سڑکوں کو کاٹا جائے گا ان کی تعمیر و مرمت کے ایم سی کے محکمہ انجینئرنگ کے اطمینان اور معیار کے مطابق کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کرے گی۔
تازہ ترین