امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودیں گے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ تبدیلی اس قوم کا مقدر ہے۔
کراچی میں یوتھ کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہیں لیکن وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ حکومت کی ناکامی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اسمبلیوں میں دیکھنا چاہتا ہوں، نوجوان موجودہ نظام سے مایوس ہے لیکن ہم اپنی حکومت میں نوجوانوں کو روز گار دیں گے، اعلیٰ تعلیم کو مفت کریں گےاور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والوں کے تمام اخراجات حکومت اور ریاست برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں تعلیم پر کم از کم بجٹ 7 فیصد ہو گا اور عوام کو بلا سود قرض ملے گا
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں کیونکہ جہاں کھیلوں کے میدان ویران ہو جاتے ہیں وہاں اسپتالوں میں رش لگ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سےادارے اور ملک ترقی نہیںکر سکتا ، اس ملک سے کرپشن صرف جماعت اسلامی ختم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن فری پاکستان چاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شہزادے، نوابزادے، سیاسی وڈیرے اور جاگیردار آپ لوگوں کا ووٹ تو لیتے ہیں لیکن انہیں آپ کا احساس نہیں ہے کیونکہ مزدور کا مسئلہ مزدور اور کسان کا مسئلہ کسان جانتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج کل ایک صاحب ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ ووٹر کو عزت دو کیونکہ جب تک ووٹر کو عزت نہیں ملے گی تو سیاست اور جمہوریت کو عزت نہیں ملے گی۔