کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز اور عمران کے بیانات نے عوام کا الیکشن سے اعتبار ختم کردیا، ووٹ کو نہیں پہلے ووٹر کو عزت ملنی چاہیےجب تک ووٹر کو عزت نہیں ملے گی تو سیاست اور جمہوریت کو عزت نہیں ملے گی، وزیرداخلہ پر حملہ حکومت کی ناکامی ہے، تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ہے، آئندہ انتخابات میں 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دینگے اور نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں آگے لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے نو جوانوں کی قوت اور طاقت سے کراچی کو تعلیم یافتہ اور خوشحال شہر بنائینگے، کراچی ترقی کریگا تو پورا ملک ترقی کریگا، اب دوبارہ اس شہر میں لسانی سیاست کا کھیل نہیں چلنا چاہیے، ملک سے گولی و تشدد کی سیاست کے خاتمے کیلئے سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح گراؤنڈ میں کراچی یوتھ کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافط نعیم الرحمن ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل ،جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان ، جے آئی یوتھ اقلیتی ونگ کراچی کے صدر راشد پرویز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرمر کز ی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اقبال اظہر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلا می سراج الحق نے کراچی یوتھ انتخابات میں منتخب ہو نیو الی یوتھ لیڈر شپ اور اس پروگرام اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کی طاقت ایٹم بم کی طاقت سے زیادہ طاقت ور ہے ،آج یہ یوتھ کلین اینڈ گلین کراچی اور پاکستان کا عزم کرتے ہیں،آج یہ نوجوان اعلان کررہے ہیں کہ ان کے ہیروڈاکٹر عبد القدیر خان اور محمودغزنوی ہیں ، آج یہ نوجوان عزم کرتے ہیں یہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق یہ ملک بنائیں گے ، جن مقاصد کے حصول کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا تھاان مقاصد کو پورا کیا جائے گا۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ نوجوانوں کی طاقت سے تو خوف زدہ ہے اور پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو نشانہ بنانا چا ہتی ہے لیکن ہم نے نوجوانوں کو اس عالمی اسٹیبلشمنٹ سے مقابلے کے لیے تیار کردیا ہے ۔ اپنے خطاب میں سراج الحق نے نارووال میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم تشدد کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں جس ملک کے اندر وزیرداخلہ محفوظ نہ ہو اس ملک میں عوام کس طرح محفوظ ہوں گے ، یہ حملہ اس نظام کی ناکامی ہے ، ملک کے اندر سے گولی اور لاشوں کی سیاست کو ختم کرنے اور مسترد کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد اور عزم کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے اندر بے شمار مسائل اور مشکلات ہیں ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں کوئی کچرا اٹھانے کی ذمہ داری قبول کرنے پر تیار نہیں ، اب یہ نوجوان کام کریں گے اور اگر کچرا نہ اٹھایا گیا تو ان کو بھی ڈسٹ بین میں پھینک دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں نے قومی اداروں کو تباہ کردیا ہے ، اسٹیل مل ، پی آئی اے اور واپڈا تباہی و بربادی کا شکار ہیں ، اسٹیل ملز کے ملازمین کو 5ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس ایماندار اور دیانتدار قیادت موجود ہیں ، سینٹ کے الیکشن میں یہ ثابت ہوا ہے کہ صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے ارکان فروخت نہیں ہوئے اسی طرح کراچی میں بھی ہمارے پاس ایماند ا ر اور ایل قیادت موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے کراچی کی خدمت کی ہے ، آئندہ بھی موقع ملے گا تو ہم خدمت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ملک سے کرپشن صرف جماعت اسلامی ہی ختم کرسکتی ہے کیونکہ ہماری قیادت کرپشن سے پاک قیادت ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بت کو پاش پاش کردیں اور جما عت اسلامی کو کامیاب کرائیں ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کہتے ہیں کہ 2018کا الیکشن خلائی مخلوق کرے گی اور پی ٹی آئی کے سربراہ کہتے ہیں کہ 2013کے الیکشن میں نادیدہ قوتوں نے کردار ادا کیا ہے ، ان بیانات سے عوام کے اندر سے الیکشن پر اعتماد اور اعتبار ختم ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں تعلیم پر کم از کم بجٹ 7 فیصد ہو گا اور عوام کو بلا سود قرض ملے گا۔ اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ آج کراچی کے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ ایک عظیم جدوجہد کا حصہ بنے ہیں ، ان کی جدوجہد اور کوششوں سے کراچی عظیم سے عظیم بنے گا ۔کراچی ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کو نافذ کرنے ، اقامت دین کی جدوجہد کرنے اور ظلم واستحصال کے نظام کے خاتمے کی جدوجہد کرنے والی تحریک اور جماعت ہے ، کراچی میں اب کسی قسم کی عصبیت اور نفرت کی سیاست نہیں چلے گی ۔