جے کے رولنگ سے پہلے ہم ہیری پوٹر کی بات کرتے ہیں ، جس کے کردار اور فکشن نے ایک دنیا کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ ہیر ی پوٹر کے نام سے دنیا بھر میں پڑھی جانے والی کتابیں نو عمر جادوگر ہیری پوٹر اور اس کے مدرسے کے ساتھیوں روز ویزلے اور ھرمایونی گرینجر، کے واقعات کی سرگذشت ہے۔
مرکزی کہانی شیطانی جادوگر لارڈ وولڈمورٹ کے خلاف ہیری کی جدوجہد ہے، جس نے جادو کی دنیا کو فتح کرنے اور غیر جادوئی افراد کو اپنا مطیع بنانے کے لیے ہیری کے والدین کو قتل کر دیا تھا۔ ان کتب کی دینا بھر میں شہرت کے بعد ان سے ماخوذ مختلف فلمیں، وڈیو گیمز اور دیگر مواد بھی منظر عام پر آیا، جو ہیری پوٹر کے شائقین میں بے حد مقبول ہوا۔
1997ء میں پہلا ناول "ہیری پوٹر اور فلسفی کا پتھر" کے نام سے جاری ہوا، جسے بعد ازاں امریکہ میں "ہیری پوٹر اور جادوگر کا پتھر" کا نام دیا گیا اور ابتدا ہی سے اس سلسلے کو بھرپور مقبولیت ملی۔جون 2008ء تک ان ناولوں کی 400 ملین سے زائد نقول فروخت ہو چکی ہیں اور 67 زبانوں میں ترجمے ہو چکے ہیں۔ اس سلسلے کی آخری چار کتابوں نے تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے فروخت ہونے والی کتب کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔مشہور فلم ساز ادارہ وارنر برادرز اب تک اس سلسلے کی اولین چھ کتب پر فلمیں بنا چکا ہے۔
معروف امریکی میگزین فوربز نے 2017 میں سب سے زیادہ کمانے والی دنیا کی 100 معروف شخصیات کی فہرست جاری کی تو ا س میں برطانوی ناول نگار اور اسکرین رائیٹر جے کے رولنگ 9 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
شروعات کیسے ہوئی ؟
وہ لندن سے مانچسٹر کی طرف سفر کر رہی تھیں کہ انہیں کہانی تخلیق کرنے کا خیال آیا۔ کہانی کے تمام کردار ان کے ذہن میں تھے۔ اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے چند سیکنڈ بھی نہیں لگائے اور سفر کے دوران ہی کہانی لکھنا شروع کر دی۔ ان کا بچپن بہت ہی کربناک تھا۔ ماں نے پال پوس کے بڑا کیا اور ابتدائی تعلیم وائیڈن سکینڈری سکول سے حاصل کی۔والدین کے آپس میں تعلقات کشیدہ ہونے کی بنا پر والدہ کی وفات کے بعد انہیں لندن شفٹ ہونا پڑا۔ یہی وجہ تھی کہ ہیری پوٹر کے ناول میں باپ کے ظلم و ستم کو بطور کردار پیش کیا گیا ہے۔
برطانیہ کی آیکذٹر یونیورسٹی سے فرنچ اور کلاسکس میں بی۔اے کرنے کے بعد وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل میں بطور محقق کام کرنے لگی تھیں۔ زمانہ طالب علمی میں’’اور پھر اس اپسرا (رقاصہ) کا نام کیا تھا‘‘کے عنوان سے یونیورسٹی کے ایک جریدے نے ان کی کہانی شائع کی جو کہ بہت مقبول ہوئی۔ رولنگ کے پاس کہانیاں لکھنے کی اخلاقی جرأت اور ہمت ہے۔ وہ کہانیوں میں صحیح اور غلط کے انتخاب کا استعمال کرنا بہت اچھے سے جانتی ہیں۔ مصیبت میں خود کو ظالم لوگوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ آسان راستے کی تلاش ان کے ناول کے بنیادی جز ہیں۔ ہیری پوٹر سیریز اب تک کا سب سے زیادہ پڑھا جانے والا ناول ہے۔
ناول کے پہلے حصے کو ایک پرانے ٹائپ رائٹر پر مکمل کرنے کے بعد وہ لندن شہر کے بارہ پبلشر کے پاس گئیں جواب میں انہیں تمسخر اور ٹھٹھے کے سوا کچھ نہ ملا۔ اتنے برے ردعمل کے باوجود وہ مایوس نہ ہوئیں بلکہ وہ پرامید تھیں کہ ایک دن یہی پبلشر ان کا ناول خریدنے کے لیے منت سماجت کریں گے۔ ایک سال کے قلیل عرصے کے بعد بیری نام کے ایک پبلشر کو ان کا ناول بے حد پسند آیا اوراس کی اشاعت کے لیے ہامی بھرنے کے بعد ایک ہزار کاپی کی نقل تیار کی گئیں جن میں سے پانچ سو نقول شہر کی مختلف لائبریریوں میں رکھوائی گئیں۔ پانچ ماہ کی قلیل مدت میں نیسلے سمارٹس ایوارڈ اپنے نام کیا تو scholastic publishers نامی امریکی پبلشنگ کمپنی نے انہیں ایک لاکھ پانچ ہزار ڈالر بطور انعام سے نوازا تھا۔
خودکشی کی کوشش اور نئی زندگی
جے کے رولنگ کو اس وقت شدید ڈپریشن کا سامنا کرناپڑا جب وہ عملی زندگی میں کامیابی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے تھک گئی تھیں، اس کے نتیجے میں انہوں نے خودکشی کی کوشش کی مگر انہیں بروقت بچالیا گیا۔اس امیر ترین اور کامیاب مصنفہ نے پہلی شادی ناکام ہونے کے بعد دوسری شادی کی جو کہ ان کی کامیاب زندگی کا حقیقی نمونہ ہے۔ ہیری پوٹر سیریز کے علاوہ انہوں نے بہت سے ناول لکھے جن میں ٹیلز آف پیڈل برڈ اور کیوال ویکنسی جیسی کتابیں شامل ہیں۔
آج کل رولینگ ایک خیراتی ادارہ چلا رہی ہیں۔ وہ ایسے بچوں کی سرپرستی کر رہی ہیں جن کا کوئی خاندان نہیں ہوتا۔جے کے رولنگ کو ہیری پوٹر سیریز کی پہلی کتاب لکھنے اور چھپوانے میں سات سال کا عرصہ لگا۔ بارہ مختلف ناشران کی جانب سے ان کی کہانی کو کئی بار رد کیا گیا۔ وہ برطانوی حکومت کی جانب سے دیے گئے وظیفے سے اپنا اور اپنی شیر خوار بچی کا گزارا کرتی رہی لیکن اُس نے اپنا یقین ٹوٹنے نہیں دیا۔
گھوسٹ رائٹر بھی بنیں
جے کے رولنگ نے ایک بار اپنی اصل شناخت ظاہر کیے بغیر ایک ایسا نیا ناول لکھا جس کی کامیابی سے یہ بات چھپ نہ سکی کہ مصنف وہ نہیں جس کا نام اس ناول پر لکھا ہے۔اس نئے ناول کا نام "The Cuckoo's Calling" تھا اور اسےجے کے رولنگ نے ایک فرضی مصنف رابرٹ گربلتھ کے نام سے لکھا۔ اس مصنف کو انہوں نے ایک ایسا ریٹائرڈ ملٹری پولیس مین ظاہر کیا جس کا یہ پہلا ناول تھا۔
اس نئے ناول ’دی کُکُوز کالنگ‘ کو اس کی اشاعت کے بعد جرم اور جاسوسی کی ایسی بہترین کتابوں میں سے ایک قرار دیا گیا جو ان کے مصنفین نے اپنے پہلے ناول کے طور پر لکھی تھیں۔ اس نئے ناول کو ماہرین نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران چھپنے والا بہترین پہلا ناول بھی قرار دیا۔شروع میں اس ناول کی تقریبا پندرہ سو کاپیاں بکی تھیں۔ لیکن جب مصنفہ کے طور پر جے کے رولنگ کا نام ثابت ہو گیا، تو یہ ناول دیکھتے ہی دیکھتے بیسٹ سیلر لسٹ میں آ گیا۔
جے کے رولنگ کی کرسیاں فروخت ہوئیں مہنگے دام
جے کے رولنگ کی ایک کرسی2016ء میں 3لاکھ 94 ہزار امریکی ڈالر (4 کروڑ12لاکھ 38ہزار) روپے میں نیلام ہو ئی۔ہالی ووڈ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہالی وڈ فلم ہیری پورٹر کی مصنفہ جے کے رولنگ نے جس کرسی پر بیٹھ کر ہیری پورٹر سلسلے کی پہلی دو فلموں کی کہانی لکھی تھی ،وہ کرسی نیویارک کے نیلام گھر نے نیلام کر دی ہے۔
مصنفہ نے کل چار کرسیوں پر بیٹھ کر ہیری پورٹر کے سلسلے کی کہانیاں لکھی ہیں۔اس نیلامی سے قبل دو کرسیاں سال 2002 میں 21ہزار امریکی ڈالر اور سال 2009 میں29 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہو چکی ہیں۔