• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں آبادی بڑھ جانے اور شہروں کے گنجان آباد ہو جانے سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے بین الاضلاعی سڑکوں پر واقع شہروں سے ہیوی ٹریفک کا گزرنا بڑھتے ہوئے حادثات کا موجب بن رہا ہے یہی وجہ ہے کہ دن کے وقت شہری آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد ہے ایسے میں ٹریفک پولیس کے اہل کاروں کو رشوت دے کر یا ان کی آنکھ بچا کر ٹرکوں بسوں وغیرہ کا پابندیاں توڑتے ہوئے نکل جانا عام سی بات ہے اس جلد بازی میں کوئی بھی حادثہ رونما ہو جانا خارج از امکان نہیں ہوتا۔ لاہور کینٹ کے علاقہ بیدیاں روڈ کے قریب ٹرک رکشے پر الٹنے سے دو کم سن بھائیوں کا جاں بحق ہو جانا جبکہ بچوں کے والدین سمیت ایک ہی خاندان کے 9افراد کا شدیدزخمی ہو جا نا اور اسی روز ایک اور واقعہ میں سرگودھا چک110کے قریب تیز رفتار ٹرک کا چنگ چی پر چڑھ دوڑنا جس سے خاتون سمیت 8افراد جاں بحق ہو گئے اسی خرابی کی کڑیاں ہیں دن کے وقت شہری حدود میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد نہ کرنا یا پابندی کی صورت میں پولیس اہل کاروں کا چشم پوشی سے کام لینا ان حادثات کی وجہ بنا۔ اس طرح کی خبریں آئے روز میڈیا میں آتی رہتی ہیں لیکن ان واقعات کے تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھانے کا چلن بدستور قائم ہے۔ اگرقانون کے تحت دونوں ٹرک شہری حدود میں دن کے وقت داخل نہ ہوتے تو یہ حادثات پیش نہ آتے اوراتنی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہوتا۔ اس کے باوجوداگر آئندہ بھی ایسے واقعات کو نظر انداز کیا گیا تو نہ صرف بدعنوانی بلکہ ہیوی ٹریفک کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی بڑھتی ہوئی آبادی کو سامنے رکھتے ہوئے محکمہ فزیکل پلاننگ کو آنے والے وقتوں کی فکر کرنی چاہئے۔ حادثات سے بچائو کے لئے موثر منصوبہ بندی ، بین الاضلاعی روٹس پر دن کے وقت ہیوی ٹریفک پر پابندی وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین