لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام بے جا ٹیکسز لگانا بھی دہشت گردی ہے عوام کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے ۔داعش وہ بھی ہے جو ایوانوں میں ہےاور عوام کو دن رات لوٹ رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب کے تمام اداروں کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہئے ۔ خیبرپختونخوا حکومت احتساب کمیشن پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔انہوں نے کہا احتساب سب کا ہونا چاہئے اس میں پسند ناپسند نہیں ہونا چاہئے احتساب سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوناچاہئے بڑا آدمی چوری کرے یا چوکیدار چوری کرے دونوں برابر ہیں۔چوکیدار چوری نہیں کر سکتا اگر چوکیدار چوری کرنا بھی چاہے تو کتنی کرے گا اصل چور اصل مجرم بڑے لوگ ہیں جو بڑی بڑی چوریاں کرتے ہیں جو پانچ اور دس روپے کی چوری نہیں کرتے بلکہ 5اور10 ارب روپے کھانے کے لئے اس کا ایک معمول کا نسخہ ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے کے بارے میں سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن ثابت ہو گی تو کرپٹ ہو گا الزام لگانے سے تو کوئی کرپٹ نہیں بنتا ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جس پر بھی الزام لگے اسے احتساب کے لئے پیش کرنا چاہئے ۔میرے علم کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہہ دیا ہےکہ وہ ہر قسم کے احتساب کیلئے تیار ہیں۔