• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو ٹی وی کا نیا سیریل ”روبرو عشق تھا“آج شروع ہوگا

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کے سب سے بڑے اور مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر نئے ڈرامہ سیریل ”روبرو عشق تھا“ کا جمعہ سے باقاعدہ آغاز ہوگا۔ دلچسپ کہانی میں کئی سنسنی خیز موڑ رکھے گئے ہیں جسے دیکھ کر ناظرین اِس سیریل کو مدتوں یاد رکھیں گے۔ ڈرامے کی کہانی سلوا اور المیر کے گرد گھومتی ہے جو یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھتے تھے اور ایک دوسرے کو بے حد پسند کرتے تھے۔ اِن دونوں کا مشترکہ دوست ایان ”ٹوم بوائے“ ٹائپ تھا لیکن ہمیشہ المیر کے ساتھ زیادہ دیکھا جاتا تھا۔ سلوا اور المیر دونوں اس لڑکے کی کمپنی کو بہت زیادہ انجوائے کرتے تھے اور اپنے دِل کی ہربات اس کے ساتھ شیئر کرتے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ اِن تینوں کی زندگی میں تیزی سے تبدیلیاں آنا شروع ہوتی ہیں، سلوا اور المیر شادی کرلیتے ہیں لیکن ایک موڑ پر یہ کہانی محبت کی تکونی شکل اختیار کرلیتی ہے جس کا نتیجہ موت اور عمر قید کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ دوسری جانب ایک اور کردار ”وہاج “ اپنی بہن کا بدلہ لینے کو اپنا مشن بنا لیتا ہے جس کے بعد یہ کہانی بدلے اور انتقام کا رُخ اختیار کرلیتی ہے۔ اب دیکھنا ہوگا سلوا، المیر اور ایان کی محبت سے شروع ہوکر انتقام پر پہنچنے والی کہانی میں قسمت، افسوس، دُکھ اور مشکلات کے بعد کس کی زندگی خوشگوار اور کس کی زندگی بے رنگ ہوکر جہنم بنے گی۔ زندگی کی اونچ ، نیچ، محبت، نفرت اور انتقام کے کئی مراحل سے گزرتی اس ڈرامے کی دلچسپ کہانی کو امبر اظہر نے تحریر کیا ہے۔ ڈرامے کے ہدایتکار فرقان خان اور اس کے پروڈیوسر ذیشان ایم خان ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ میں اُشنا شاہ، دانش تیمور، صنم چوہدری، علی عباس، جاوید شیخ، سیمی پاشا، ناجیہ بیگ، روبینہ اشرف، آغا طلال، شازیہ قیصر، اویس وصیر اور ایوب کھوسہ شامل ہیں۔ ڈرامہ سیریل ”روبرو عشق تھا“ 22 جون سے ہر جمعہ کی رات 8 بجے نشر کیا جائے گا۔
تازہ ترین