ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیلاب کا خطرہ پوری طرح ٹلا نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں گفتگو کے دوران عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہیڈ سدھنائی گنجائش کے قریب پہنچ گیا، بریچ کرنا پڑسکتا ہے جبکہ مائی صفورہ بند کے مقام پر ہمیں آج رات شگاف ڈالنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کا خطرہ اس وقت پوری طرح ٹلا نہیں، چناب میں پانی کا ریلا ہیڈ تریموں سے ملتان ہیڈ محمد والا کی طرف جا رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے مزید کہاکہ تریموں ہیڈورکس کو کوئی خطرہ نہیں، ہیڈ قادر آباد میں بروقت بریچ کرنے کے ثمرات اب ہمیں نچلے اضلاع میں نظر آرہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج جھنگ میں رواز برج کی گنجائش کم اور پانی زیادہ تھا، بریچنگ سسٹم سے فائدہ ہوا، چناب کا پانی کل ملتان پہنچے گا ساتھ راوی کا پانی مل جائے گا۔
عرفان علی کاٹھیا نے یہ بھی کہا کہ جو ریلا شاہدرہ سے گزرا وہ اب ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پہنچ چکا ہے، جہاں پانی گنجائش کے قریب پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مائی صفورہ بند کے قریب بھی رات شگاف ڈالنا پڑے گا، وہاں کے قریبی علاقوں سے 20 سے 24 ہزار افراد کا انخلا کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہاکہ ایک ہی وقت میں 3 دریاؤں میں سپر فلڈ کی صورتحال ہے، جو بھی سخت فیصلے تھے، وہ ہوئے اور اب ثمرات نظر آ رہے ہیں۔